
کراچی کے علاقے کورنگی میں پولیس اہلکار پر نامعلوم افراد کی جانب سے قاتلانہ حملہ ہوا ہے جس میں وہ شدید زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کورنگی میں گھر سے ڈیوٹی پرجاتے ہوئے ایک پولیس اہلکارنامعلوم مسلح افراد کے حملے میں شدید زخمی ہوگیا۔
ایس ایس پی کورنگی فیصل عبداللہ چاچڑ کے مطابق لانڈھی کا رہائشی پولیس کانسٹیبل اصغر احمد آج صبح گھر سے موٹر سائیکل پر ڈیوٹی پر پہنچنے کے لیے زمان ٹاؤن تھانے جا رہا تھا کہ کورنگی نمبر 5 میں اسٹیڈیم کے قریب موٹر سائیکل سوار مسلح ملزمان نے اس پر فائرنگ کردی جس سے اہلکار زخمی ہوگیا جب کہ ملزمان فرار ہوگئے۔
ڈاکٹرز کا کہناہے کہ کانسٹیبل اصغر کو 2 گولیاں پیٹ میں لگیں تاہم اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
ایس ایس پی کورنگی نے بتایا کہ حملے کے وقت پولیس اہلکار مکمل یونیفارم میں نہیں تھا، اس نے پولیس کی پتلون اور جوتے پہنے ہوئے تھے جبکہ شرٹ سادہ تھی۔
انہوں نے بتایا کہ جائے وقوعہ سے پولیس کو گولیوں کے خول ملے ہیں، ایس ایس پی کا کہنا تھا کہ محمود آباد میں قتل کیے گئے پولیس اہلکار کا اسلحہ ملزمان ساتھ لے گئے تھے اور کورنگی میں حملے کے بعد اصغر کا پستول بھی ملزمان لے گئے۔
خیال رہے کہ اصغراحمد پر حملہ گزشتہ ہفتے محمود آباد میں پولیس کانسٹیبل نعمان علی کی ٹارگٹ کلنگ کے واقعہ سے مماثلت رکھتا ہے جسے تھانے اور گھر کے راستے میں دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا تھا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News