
وزیراعظم عمران خان کی جانب سے معاون خصوصی تانیہ ایدروس اور ڈاکٹر ظفر مرزا کے استعفے منظور کرلیےگئے۔
تفصیلات کے مطابق تانیہ ایدروس اور ڈاکٹرظفرمرزا کےاستعفوں کی منظوری کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر تانیہ ایدروس کا کہنا تھا کہ عوامی مفاد کے خاطر عہدے سے استعفیٰ دیا۔
انہوں نے کہا کہ میں پاکستان میں خدمت کے جذبے سے آئی تھی، میری کنیڈین شہریت کے حوالے سے بہت باتیں کی گئیں، پاکستان کو جب میری ضرورت پڑے گی میں حاضر ہوں۔
اپنے استعفے میں تانیہ ایدروس نے کہا کہ ان کی کینیڈا کی شہریت سے متعلق تنازع پیدا کیا گیا، ڈیجیٹل پاکستان کے وژن میں شہریت جیسے تنازعات رکاوٹ بنے،اب بغیر کسی عہدے کے ڈیجیٹل پاکستان کے ویژن کے لیے کام جاری رکھوں گی۔
انہوں نے لکھا کہ میں صرف ڈیجیٹل پاکستان کے وژن کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کرنے کے مقصد کے ساتھ واپس پاکستان آئی تھی، یہ ایک ایسا تصور ہے کہ جس کا ہمیشہ وزیراعظم نے ذکر کیا اور میں نے اسے پھیلایا، میں پاکستانی ہوں اور ہمیشہ رہوں گی۔
دوسری طرف ڈاکٹر ظفر مرزا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے عہدے سے استعفی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی خصوصی دعوت پر عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) چھوڑ کر پاکستان آیا۔
انہوں نے کہا کہ ڈیڑھ سال کے عرصے میں کئی جھوٹے الزامات کا سامنا رہا، انتہائی محنت اور ایمانداری سے فرائض انجام دینے کی کوشش کی۔
ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ کچھ عرصے سے مستعفی ہونے کا سوچ رکھا تھا صرف کورونا پر قابو پانے کا انتظار تھا۔
انہوں نے لکھا کہ یہ بات باعث اطمینان ہے کہ میں اس وقت کام چھوڑ کر جارہا ہوں جب کورونا کم ہورہا ہے، میں نے ایمانداری اور محنت سے پاکستان کی خدمت کی ہے، اور پاکستان کی خدمت کرنا میرے لئے اعزاز کی بات ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News