بھارتی شہر بنگلورو میں توہین رسالت پر مبنی فیس بک پوسٹ پر ہنگاموں میں 3 افراد ہلاک ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق کانگریس سے تعلق رکھنے والے رکن اسمبلی سری ویناس مرتھی کے بھتیجے نے فیس بک پر ایک پوسٹ میں پیغمبر اسلام حضرت محمد ﷺ کی شان میں گستاخی کی جس پر بنگلورو کے مشرقی علاقے میں ہنگامے پھوٹ پڑے اور ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مشتعل افراد نے بنگلورو میں واقع کانگریس رہنما سری ویناس مرتھی کے گھر کو آگ لگادی جبکہ گھر کے قریب کھڑی گاڑیوں کو بھی نذر آتش کردیا گیا۔
پولیس کے مطابق ہنگاموں کے دوران 24 گاڑیوں اور تقریباً 200 موٹرسائیکلوں کو آگ لگائی گئی جب کہ پولیس نے مشتعل مظاہرین کو قابو کرنے کے لیے فائرنگ اور آنسو گیس کی شیلنگ کی جس سے تین افراد ہلاک ہوگئے۔
دوسری جانب بنگلورو پولیس کا کہنا ہےکہ فیس بک پر توہین آمیز پوسٹ کرنے والے رکن اسمبلی کے بھتیجے کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ احتجاجی مظاہروں میں ملوث 110 افراد کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔
بنگلورو پولیس کمشنر کے مطابق متاثرہ علاقے میں کرفیو نافذ کردیا گیا ہے اور لوگوں کے گھروں سے نکلنے پر پابندی عائد کردی ہے جس کے بعد صورتحال اب مکمل قابو میں ہے۔
پولیس کے مطابق پرتشدد مظاہروں کی تحقیقات شروع کردی گئی ہے اور ملزمان کی شناخت کے لیے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد لی جارہی ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
