وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن نے ہمیشہ ذاتی مفاد اور منافقانہ سیاست کی ہے جبکہ نواز شریف کا انقلابی پن دوغلا اور کھوکھلا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ جو تحریک چلانا چاہتی ہے وہ بے بنیاد ہے جبکہ نوازشریف کا مقصد ملک میں بے یقینی اور اضطراب کی کیفیت پیدا کرنا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ نوازشریف کے حالیہ بیانیے سے خود ان کی جماعت اضطراب کا شکار ہے، بیانیے پر ن لیگ کے اندر سے مختلف آوازیں اٹھ رہی ہیں۔
شبلی فراز نے یہ بھی کہا کہ جاتی عمرہ میں اس وقت تذبذب اور اضطراب کے سائے منڈلا رہے ہیں جبکہ نیب کیسز کے باعث گھیرا تنگ ہونے سے اپوزیشن حکومت کو بلیک میل کرنا چاہتی ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ اسمبلیوں سے استعفوں کی دھمکیاں بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے، اپوزیشن ارکان استعفیٰ دینگے تو نئے الیکشن کرائیں گے، پی ٹی آئی دوبارہ اکثریت حاصل کرلے گی۔
شبلی فراز کا یہ بھی کہنا تھا کہ فیٹف قانون سازی میں ناکامی کے بعد اب یہ سڑکوں پر آنا چاہتے ہیں جبکہ اپوزیشن مختلف حربے استعمال کرکے حکومت گرانا چاہتی ہے لیکن ناکامی ان کا مقدربنے گی۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ شریف خاندان میں بھی اس وقت چپقلش چل رہی ہے جبکہ فیصل آباد میں مسلم لیگ ن کی تنظیم سازی بڑے زوروں پر چل رہی ہے۔
شبلی فراز نے یہ بھی کہا کہ مسلم لیگ ن میں تقسیم کےحوالے سے شیخ رشید کی باتوں میں وزن ہے، ن لیگ والے ڈیل کے چکر میں ہیں اور مسلسل رابطے کرنے کی کوشش کررہے ہیں جبکہ بطور مجرم اور اشتہاری نوازشریف کو سیاست پر بھاشن زیب نہیں دیتا۔
وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے مزید کہا کہ حکومتی اقدامات سے معاشی اشاریے بہتر ہو رہے ہیں، وزیراعظم عمران خان بدعنوان عناصر کے احتساب کیلئے پرعزم ہیں اور بدعنوان عناصر کے خلاف عزم ایسے حالات میں مزید مستحکم ہوگا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
