
وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سیاحتی مقامات پر معاشی سرگرمیوں کا زیادہ فائدہ ان علاقوں کے رہائشیوں کو ملنا ضروری ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کا سیاحتی مقام گبین جبہ سوات کا دورہ کیا جہاں وزیراعلیٰ خیبر پختون خواہ محمود خان نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔
وزیر اعظم کو صوبے بھر میں سیاحت کے فروغ کیلئے اٹھائے گئے اقدامات بارے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم کو بریفنگ کے دوران کہا گیا کہ گبین جبہ میں قائم ماحول دوست کیمپنگ پوڈز آگست 2020 سے سیاحوں کیلئے کھول دیئے گئے جبکہ ریونیو کمانے کے ساتھ اس علاقے میں سیاحوں کی آمد سے معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہوا ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ صوبے کے مختلف سیاحتی مقامات پر 100 کے قریب پوڈز نصب کئے گئے ہیں اور یو این ڈی پی کے ذریعے مزید 90 پوڈز منگوائے جارہے ہیں۔
بریفنگ کے دوران کہا گیا کہ500 گھرانوں کو آسان شرائط پر فی گھر 4 لاکھ روپے مالیت کے قرضے دیے جانے کا منصوبہ ہے اور لوگ اپنے گھروں کے ساتھ ایک کمرہ بمع دیگر سہولیات سیاحوں کو فراہم کر سکیں گے۔
بریفنگ کے دوران یہ بھی کہا گیا کہ ورلڈ بینک کے تعاون سے مانسہرہ, ایبٹ آباد اور سوات میں ہزاروں کنال اراضی پرماحول دوست جدید سیاحتی مراکز قائم کیے جانے کے منصوبے پر کام ہو رہا ہے جبکہ فروری 2021 میں چترال, مالم جبہ, سوات اور کاغان میں سکینگ, سنو مراتھن, سنو بورڈنگ جیسے سرگرمیاں منعقد کی جائے گی
بریفنگ کے دوران مزید کہا گیا کہ خیبر پختون خواہ میں سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے کالام, کمراٹ اور کالاش میں سپیشل ٹورزم اتھارٹیز قائم کی جا چکی ہیں جبکہ مختلف مقامات تک پہنچنے کیلئے 372 کلو میٹر رابطہ سڑکوں کی تعمیر اور 14 کلو میٹر کمراٹ کیبل کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی
دورے کے دوران وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ سیاحتی مقامات کو فروغ دینے کے ساتھ ان علاقوں کے لوگوں کا خاص خیال رکھا جائے تاکہ ان کو زیادہ سے زیادہ فائدہ ہو۔
وزیراعظم نے کہا کہ سیاحتی مقامات کو مزید ترقی دینے اور وہاں موزوں معاشی سرگرمیاں شروع کرنے کیلئے بین الاقوامی معیار کے کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کیے جائیں۔
عمران خان نے یہ بھی کہا کہ سیاحتی مقامات پر معاشی سرگرمیوں کا زیادہ فائدہ ان علاقوں کے رہائشیوں کو ملنا ضروری ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے مزید کہا کہ ان مقامات پر صفائی کا خاص خیال رکھا جائے جبکہ غیر ضروری تعمیرات سے اجتناب کیا جائے تاکہ یہاں کی قدرتی خوبصورتی برقرار رہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News