
وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ راوی سٹی منصوبہ تاریخی طور پر اپنی نوعیت کا پاکستان کا سب سے منفرد اور بڑا منصوبہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان کی زیرِ صدارت راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور پاکستان آئیلینڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ورکنگ گروپ کا اجلاس ہوا جس میں وزیرِ اعظم کو چینی حکومت اور کمپنیوں کی طرف سے منصوبے میں 3 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔
اس موقع پر وزیرِ اعظم کو اے این جی سی سی کی جانب سے پانچ ارب ڈالر کی شراکتی سرمایہ کاری کی پیش کش کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا جبکہ راوی سٹی منصوبے پر پیش رفت کو مزید تیز کرنے کیلئے بورڈ کی تشکیل کردی گئی۔
اجلاس میں وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی کہ اس میں کسی قسم کا قرض شامل نہیں جبکہ منصوبے پر جنوری سے کام شروع ہو رہا ہے۔
وزیراعظم کو بریفنگ کے دوران مزید کہا گیا کہ ماحولیاتی اور ماسٹر پلان کی سٹڈیز کا آغاز بھی جنوری سے ہونے جا رہا ہے جبکہ این جی اوز کے ساتھ شراکت میں جزائر سے منسلک مچھیروں کے روزگار اور سمندری حیات کے تحفظ کیلئے ایک پروگرام ترتیب دیا جا رہا ہے۔
اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیرِاعظم عمران خان نے کہا کہ راوی سٹی منصوبہ کی تکمیل سے لاہور کے شہریوں کو پینے کے صاف پانی، سیوریج کے مناسب انتظام، صاف ستھرے ماحول کی سہولت میسر ہوگی۔
وزیرِاعظم نے یہ بھی کہا کہ راوی سٹی منصوبہ لاہور کے بڑھتے ہوئے مسائل کا حل فراہم کرے گا جبکہ شہریوں کو دیگر جدید سہولیات سے آراستہ رہائشی سہولیات میسر آئیں گی۔
عمران خان نے مزید کہا کہ بڑے پیمانے پر بیرونی سرمایہ کاری سے روزگاہ کے وسیع مواقع اور مقامی و قومی معیشت خاص طور پر صنعتوں کو ترقی ملے گی۔
وزیرِاعظم عمران خان نے بنڈل آئیلینڈ پر ہونے والی پیش رفت پر تسلی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کی کامیابی کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لے کر کام کیا جائے گا۔
اجلاس میں سینیٹر شبلی فراز، علی حیدر زیدی، ڈاکٹر شہباز گِل، چیئر مین نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی لیفٹینینٹ جنرل (ریٹائرڈ) انور علی حیدر، ڈپٹی چئیرمین نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی میجر جنرل (ریٹائرڈ) امیر اسلم خان، چیئرمین پاکستان آئیلینڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی عمران امین ، گورنر سندھ عمران اسماعیل، مشیر وزیرِ اعلی پنجاب ڈاکٹر سلمان شاہ، معاونِ خصوصی وزیرِ اعلی پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے شرکت کی جبکہ چیئر مین راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی راشد عزیز، چیف سیکریٹری پنجاب اور متعلقہ اعلیٰ افسران بھی ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News