وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ عوامی زندگیوں کاتحفظ ہماری ذمہ داری ہے، عالمی وبا کورونا کی وجہ سے شاہ رکن عالم کے عرس کی تقریبات محدود کی گئیں۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ملتان میں میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ ہم سب کو احتیاط کرنی ہے تاکہ اس وبا سے نجات ملے۔
انہوں نے دبئی کے دورے پر وہاں کے حکمرانوں سے ملاقاتیں کیں،ویزا کے معاملات سمیت دیگر امور پر گفتگو کی اور کہا کہ واضح کردوں دبئی اور سعودی عرب، ہندوستان کو پاکستان کامتبادل نہیں سمجھتے،ہم کسی صورت اسرائیل کو تسلیم نہیں کر سکتے،پاکستان پر اسرائیل کے حوالے سے کوئی دباﺅ نہیں ۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت نے کوئی غیر ذمہ دارانہ حرکت کی تو اسے بروقت اور مناسب جواب ملے گا۔اقوام متحدہ مبصرین کی گاڑی پر حملہ تشویشناک بات ہے جبکہ اقوام متحدہ مبصرین کی موجودگی کا مقصد امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ مبصرین کی گاڑی پر حملے کی فوری تحقیقات ہونی چاہئیں، بھارت سیز فائر معاہدوں کی مسلسل خلاف ورزی کر کے شہریوں کو نشانہ بنا رہا ہے اور بھارتی اشتعال انگیزی سے امن و امان کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں تاہم پاکستان خطے میں امن و امان برقرار رکھنے کا خواہاں ہے۔
وزیر خارجہ کا کہناہے کہ افغان امن عمل تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے اور پاکستان افغان امن عمل میں سہولت کار کا کردار ادا کر رہا ہے۔ افغانستان میں امن کی کاوشوں کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے اور افغانستان میں امن کو نقصان پہنچانے کی ذمہ داری بھارت پر عائد ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنی ذمہ داری نبھاتے ہوئے عالمی برادری کو آگاہ کیا ہے جبکہ ٹھوس اطلاعات ہیں کہ بھارت کوئی نہ کوئی بہانہ بنا کر فالس فلیگ آپریشن کر سکتا ہے۔
وزیر خارجہ نے عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ فی الفور اپنا ذمہ دارانہ کردار ادا کرے اور اگر بھارت نے کوئی غیر ذمہ دارانہ حرکت کی تو اسے بروقت اور مناسب جواب ملے گا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
