
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ تعمیرات سیکٹر کا فروغ اور غریب طبقے کو اپنی چھت فراہم کرنا ایک قومی خدمت ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی برائے ہاؤسنگ، تعمیرات و ڈیویلپمنٹ کا اجلاس ہوا جس میں بنکوں کے سربراہان نے حکومت کو اس اہم قومی پروگرام کی تکمیل کے لیے مکمل تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی برائے ہاؤسنگ، تعمیرات و ڈیویلپمنٹ کا ہفتہ وار اجلاس۔ pic.twitter.com/3ZiA0ecphK
— Prime Minister’s Office, Pakistan (@PakPMO) December 17, 2020
سیکریٹری توانائی نے اجلاس کو ہاؤسنگ منصوبوں کے لیے بجلی فراہم کرنے کے بارے میں بریفنگ دی جبکہ نائب چیرمین ایل ڈی اے نے اجلاس کو ایل ڈی اے سٹی نیا پاکستان ہاؤسنگ اپارٹمنٹس لاہور کے بارے میں آگاہ کیا۔
گورنر اسٹیٹ بینک نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ تمام کمرشل بنکوں کے ساتھ مل کر اسٹیرنگ کمیٹی بنائی گئی ہے جس میں آسان قرضوں کے حصول کےطریقہ کار کا جائزہ لیا جاتا ہے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ کمرشل بینکوں کو قرضوں کے حصول کے لیے کثیر تعداد میں درخواستیں موصول ہو رہی ہیں۔
بریفنگ کے دوران کہا گیا کہ کمرشل بینکوں نے ملک بھر میں 7,700 شاخوں میں گھر تعمیر کرنے کے لیے قرضے فراہم کرنے کی سہولت شروع کر دی ہے جبکہ اس ضمن میں غریب اور متوسط طبقے کی آگاہی کے لیے میڈیا مہم بھی شروع ہے۔
اس موقع پر ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک نے بتایا کہ کمرشل بنکوں کی کارکردگی جانچنے کیلئے سٹیٹ بینک نے طریقہ کار وضع کیا ہے اور اس عمل کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔
نائب چیرمین ایل ڈی اے نے اجلاس کو ایل ڈی اے سٹی نیا پاکستان ہاؤسنگ اپارٹمنٹس لاہور کے بارے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے میں کل 35,000 یونٹس تعمیر کیے جائیں گے تاہم کثیر تعداد غریب اور متوسط طبقے کے لیے مختص ہوگی۔
اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ ابتدائی مرحلے میں 4,000 یونٹس تعمیر کیے جارہے ہیں۔ اس منصوبے کا پی سی ون اور ماسٹر پلان منظور کیا جاچکا ہے جبکہ اس منصوبے کی تکمیل جون 2022 میں ہوگی اور آسان اقساط میں ادائیگیوں کی سہولت موجود ہوگی۔
وزیراعظم عمران خان نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ تعمیرات سیکٹر کا فروغ اور غریب طبقے کو اپنی چھت فراہم کرنا ایک قومی خدمت ہے۔ وزیر اعظم نے آگاہی مہم مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم عمران خان نے تعمیرات کو فروغ دینے پر کمرشل بینکوں کی طرف سے تعاون کو سراہاتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ غریب آدمی کو اپنا گھر بنانے کے لیے کمرشل بینک قرضے فراہم کر رہے ہیں جو کہ خوش آئند ہے۔
اجلاس میں نیشنل بنک، حبیب بنک، یونائیٹڈ بنک، مسلم کمرشل بنک، الائیڈ بنک، بنک الحبیب، عسکری بنک کے سربراہان، میزان بنک، فیصل بنک، جے ایس بنک اور بنک آف پنجاب، دبئی اسلامک بنک،سونیری بنک، بنک الاسلامی کے سربراہان جبکہ حبیب میٹرو بنک، البرکا بنک، اسٹینڈرڈ چارٹرڈ، فرسٹ ویمن بنک اور بنک آف خیبر کے سربراہان بھی شریک ہوئے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News