وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سینیٹ انتخابات میں پیسا چلتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سینیٹ الیکشن کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کے پیش نظر وزیراعظم عمران خان نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج سینیٹ الیکشن پر قوم سے بات کرنا چاہتا ہوں۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے پارلیمنٹ میں بل پیش کیا کہ اوپن بیلٹ ہونا چاہیے جبکہ پیپلزپارٹی اور ن لیگ نے چارٹر آف ڈیموکریسی پر دستخط کئےکہ اوپن بیلٹ ہونا چاہیے لیکن اس بار سب سیکریٹ بیلٹ کے حق میں ہوگئے۔
عمران خان نے یہ بھی کہا کہ ارکان پارلیمنٹ کو خریدا جاتا ہے، ایک سینیٹر رشوت دے کر سینیٹر بن رہا ہے،یہ کون سی جمہوریت ہے جبکہ2018میں سینیٹ کے الیکشن میں ہمارے 20 ارکان بکے ہم نے ان کو نکالا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سینیٹ الیکشن میں پیسہ چلتا ہے اور یہ ابھی سےنہیں 30، 40 سال سے سینیٹ الیکشن میں پیسہ چلتا ہے۔
عمران خان کا یہ بھی کہنا تھا کہ سینیٹ الیکشن سے متعلق قوم کوسمجھانا بہت ضروری ہے کیونکہ اگر قوم سینیٹ الیکشن کو سمجھ جائے تو ملک کے سارے مسائل سمجھ آجائیں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ حفیظ شیخ کو ہرانےکیلئے انہوں نے ہمارےممبران کو خریدا جبکہ حفیظ شیخ کو ہرا کر یہ بتانا چاہتے تھے ہماری اکثریت ختم ہوگئی۔
عمران خان نے یہ بھی کہا کہ اپوزیشن نے پلان کیا کہ سینیٹ کے الیکشن میں پیسہ چلائیں جبکہ ان کی کوشش تھی کہ مجھ پر عدم اعتماد کی تلوار لٹک جائے اور ان کے دباؤ میں آؤں اور میں این آر او دوں۔
وزیراعظم نے کہا کہ اپوزیشن کی کوشش ہے کہ مجھ پر دباؤ ڈالا جائے تاکہ میں مشرف کی طرح ہاتھ اٹھادوں اور انہیں این آر و دے دوں لیکن میں اپوزیشن کے ہاتھوں نہ بلیک میل ہوں گا نہ این آر او دوں گا۔
وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ پی ڈی ایم میں ساری جماعتیں متحدہوگئی ہیں جبکہ انصاف اور قانون کی بالادستی جہاں ہو وہ ملک ترقی کرتا ہے لیکن جب سے ہماری حکومت ہے پرانی پارٹی میں موجود کرپٹ لوگوں کو خوف آگیا ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ فیٹف کی سفارشات پر عمل نہ کریں تو ملک بلیک لسٹ ہوجائے گا جبکہ اپوزیشن کا مطالبہ ہے کہ پہلے نیب کو بند کریں پھر فیٹف بل پر سپورٹ کریں گے۔
قوم سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ ملک فیٹف کی بلیک لسٹ میں گیا تو پابندیاں لگیں گی، جو پابندیاں لگیں گی اس سے ہمارا روپیہ گرنا شروع ہوگا، غربت پھیل جائے گی اور مہنگائی کا طوفان آئے گا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News