وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب کی ترقی اور عوام کی خوشحالی پر حکومت کی توجہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان سے ملتان سے تعلق رکھنے والے قومی و صوبائی ارکانِ اسمبلی کی ملاقات ہوئی جس میں جنوبی پنجاب بالخصوص ملتان کے مسائل اور ان کے تدارک کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات پر گفتگو کی گئی۔
ملاقات میں وزیراعظم کو مختلف پراجیکٹ پر بریفنگ دی گئی اور انہیں بتایا گیا کہ علاقے کے 11 ہزار پرائمری اسکولوں کو سولر پر منتقل کر دیا گیا ہے۔
بریفنگ میں کہا گیا کہ ان میں 2500 اسکول ایسے ہیں، جن میں موجودہ حکومت نے بجلی فراہم کی۔
عمران خان کو اس دوران لیہ میں سولر پاور پراجیکٹ، آر ایل این جی منصوبے کی پیشرفت پر بھی بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر وزیرِ اعظم عمران خان نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب کے لوگوں کی محرومیوں کو دور کرنے کیلئے حکومت کی خصوصی توجہ اس علاقے کی ترقی اور عوام کی خوشحالی پر ہے۔
عمران خان نے کہا کہ موجودہ حکومت کو یہ ملک دیوالیہ اور خزانہ تقریباً خالی ملا تھا مگر حکومت کی کوششوں کی وجہ سے ملک اب مثبت سمت کی طرف گامزن ہے۔
وزیرِ اعظم عمران خان نے پنجاب گورنمنٹ کو کرپشن کی شکایات کے حوالے سے ایک پورٹل بنانے کی ہدایت دی اور کہا کہ انکوائری کے بعد کرپشن ثابت ہونے والے حکام کو سزا دیں۔
ملاقات میں وفاقی وزراء شاہ محمود قریشی، مخدوم خسرو بختیار، ڈاکٹر شہباز گل، جمشید اقبال چیمہ شریک ہوئے جبکہ وزیرِاعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار، صوبائی وزراء مخدوم ہاشم جواں بخت اور مقامی قومی و صوبائی ارکان نے بھی شرکت کی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
