
اب پاکستانیوں کو عرب ممالک کے بعد جاپان میں بھی نوکریاں ملیں گی، پاکستان اور جاپان کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہو گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز اسلام آباد میں وزارت اوور سیز میں جاپان میں پاکستانی افرادی قوت کے لئے مواقع تلاش کرنے سے متعلق ایم او یو پر دستخط کرنے کی تقریب ہوئی۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانی زلفی بخاری اور جاپانی سفیر نے تقریب میں شرکت کی ۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانی زلفی بخاری نے کہا کہ جاپان میں ہر سال 5 لاکھ نوکریاں نکلتی ہیں، عرب ممالک کی طرح جاپان میں بھی افرادی قوت بھیجنا چاہتے ہیں ۔
زلفی بخاری کا مزید کہنا تھا کہ جاپان کے ساتھ پہلے افرادی قوت کے باضابطہ بھیجنے کا کوئی سسٹم نہیں تھا وزارت خارجہ جاپان میں کمیونٹی ویلفیئر آفیسر بھی تعینات کررہی ہے۔
زلفی بخاری نے جاپان کی آئی ٹی انڈسٹری کے حوالے سے مزید کہا کہ جاپان میں پاکستانی آئی ٹی ماہرین کو ملازمت کی پیش کش دیگر کئی ممالک سے پہلے ہوئی، آج کا ایم او یو ان کی وزارت کا سب سے اہم مقصد تھا کیونکہ جاپان آئی ٹی سیکٹر میں بے پناہ مواقع اور پاکستان افرادی قوت رکھتا ہے۔
جاپان کے سفیر کا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ تیس ہزار پاکستانی جاپان میں کام کر رہے ہیں پاکستانی کمیونٹی جاپان کی ترقی میں اہم کردار ادا کررہی ہے۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان میں افرادی قوت بالخصوص آئی ٹی کے شعبے میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے۔ جاپان پاکستانی نوجوانوں کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے۔ نمل یونیورسٹی سے جاپانی زبان سیکھنے والے پاکستانی آئی ٹی ماہرین جلد جاپان میں ہونگے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News