
وزیر جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ پنجاب کا بجٹ اب ایک مخصوص علاقے پر نہیں بلکہ پورے پنجاب کی عوام پر یکساں خرچ ہو گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے بجٹ 2021-22 کے حوالے سے بیان دیتے ہوئے کہا کہ مشکل معاشی حالات میں تاریخ ساز عوامی بجٹ پر بزدار حکومت اور وزارت خزانہ کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ شریف خاندان کے فرضی اعدادوشمار کے گورکھ دھندے کے گہرے بادل چھٹ رہے ہیں ، تمام اضلاع میں مقامی سطح پر بنیادی انسانی ضروریات کے لیے 100 ارب کا پیکج دیا گیا ہے ، جنوبی پنجاب کے لیے 189 ارب کے ترقیاتی پیکج سے ترقی کے نئے دور کا آغاز ہو گا۔
فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ بزدار حکومت پنجاب کے ہر فرد کی صحت انشورنس کے لیے آئندہ سال 80 ارب روپے خرچ کرے گی ، 19 یونیورسٹیاں، 5 زچہ بچہ ہسپتالوں کی تعمیر آئندہ نسلوں کا مستقبل سنواریں گی۔
وزیر جیل خانہ جات پنجاب نے کہا کہ گزشتہ حکومتوں نے ملک کو ایکسپورٹ سے امپورٹ بیسڈ اکانومی پر شفٹ کر دیا تھا ، دیہی معیشت کی بحالی کے لیے بجٹ میں 57 فیصد اضافہ کیا گیا ہے اور اسی طرح صحت کے بجٹ میں 30 اور تعلیم کے بجٹ میں 12.9 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شریف خاندان نے قرضوں پر کھڑے انفراسٹرکچر کے پیچھے صحت اور تعلیم کا ستیا ناس کر دیا تھا ، گزشتہ سال کے 50 ارب سے زائد کے ٹیکس ریلیف کا تسلسل کاروباری حلقوں کے لیے خوش آئند ہے۔
فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی 25 سے زائد سروسز پر سیلز ٹیکس کو 16 سے 5 فیصد پر رکھا گیا ہے ، دس مزید سروسز پر سیلز ٹیکس کو 16 فیصد سے 5 فیصد تک لانے کی تجاویز دی گئی ہیں۔
وزیر جیل خانہ جات پنجاب نے کہا کہ 300 ارب کے ڈسٹرکٹ ڈیویلپمنٹ پیکج کو بھی موجودہ بجٹ کا حصہ بنایا گیا ہے اور اس کے تحت تمام اضلاع کے لیے 8 سے 15 ارب روپے کے پیکج رکھے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے کرونا کے ساتھ ساتھ ملک کو لگی سیاسی گھن کا بھی ڈٹ کر مقابلہ کیا اور انشاء اللہ آئندہ سال پنجاب اور پاکستان کے لیے ترقی اور خوشحالی کا سال ہو گا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News