
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ماحولیاتی تحفظ موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت مون سون شجرکاری کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں مون سون شجرکاری کے حوالے سے وزیرِ اعظم کو صوبہ پنجاب کے اہداف اور حکمت عملی کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ حالیہ مون سون شجرکاری میں صوبہ پنجاب سرکردہ کردار ادا کرے گا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ گذشتہ دور حکومت میں سال 2016 تا 2018محض ایک کروڑ پودا لگایا گیا تھا لیکن موجودہ حکومت میں اب تک کروڑوں پودے اور درخت لگائے جا چکے ہیں۔
صوبائی وزیرِ جنگلات نے اجلاس میں وزیراعظم کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ محکمہ جنگلات میں سرسبزپنجاب کے حوالے سے چھ چھ ماہ کے اہداف مقرر کیے ہیں
چئیرمین سی ڈی اے نے اجلا س کو وفاقی دارالحکومت میں شجر کاری مہم کے حوالے سے بھی بریف کیا۔
وزیرِ اعظم عمران خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماحولیات کے تحفظ کے لئے شجرکاری انتہائی اہم ہے اور ماحولیاتی تحفظ موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ صوبہ خیبرپختونخواہ نے بلین ٹری سونامی کے حوالے سے قابل تقلید مثال قائم کی ہے۔
عمران خان نے یہ بھی کہا کہ ماحول کے تحفظ کے حوالے سے حکومت پاکستان کے اقدامات کا عالمی سطح پر اعتراف کیا جا رہا ہے۔
اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ صوبہ پنجاب میں ڈویژن اور اضلاع کی سطح پر شجر کاری کے پلان کو جلد از جلد حتمی شکل دی جائے۔
عمران خان نے ہدایت کی کہ نہ صرف شجرکاری بلکہ شجرکاری مہم کی مانیٹرنگ اور نتائج کے حوالے سے بھی جدید طریقہ کار کو برؤے کار لایا جائے۔
وزیرِ اعظم عمران خان نے ہدایت کی کہ شجر کاری مہم میں ٹائیگر فورس، طلبا، سول سوسائٹی اور سرکاری و غیر سرکاری محکموں کی بھرپور شرکت بھی یقینی بنانے پر توجہ دی جائے۔
اجلاس میں معاون خصوصی برائے ماحولیاتی تبدیلی ملک امین اسلم شریک ، وزیرِ مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب، وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار ، صوبائی وزیر برائے جنگلات پنجاب محمد سبطین خان، معاون خصوصی برائے وزیرِ اعلیٰ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، چیف سیکرٹری پنجاب جواد رفیق ملک و دیگر افسران نے شرکت کی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News