 
                                                                              کراچی سمیت سندھ بھر میں ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سندھ میں چہلم امام حسینؓ کے موقع پر امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔
محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے اس حوالے سے جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق چہلم حضرت امام حسین ؓ کے موقع پر کراچی اور حیدر آباد میں منگل (آج) اور بدھ (کل) کو 2 روز جبکہ خیرپور میں 6 روز کےلیے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کی گئی ہے۔
دوسری جانب پنجاب بھرمیں بھی آج موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی ہوگی۔

محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے صوبے بھر میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی لگا دی گئی ہے۔
ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ ظفر نصراللہ خان کی جانب سے جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق بزرگ شہریوں اور خواتین کو موٹرسائیکل کی ڈبل سواری سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔
نوٹی فکیشن کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کو بھی ڈبل سواری پر پابندی سے استثنیٰ حاصل ہو گا
کراچی: چہلم امام حسینؓ، سیکیورٹی کے سخت اقدامات
ذرائع کے مطابق شہر قائد میں چہلم امام حسینؓ کے جلوس کے لئے سخت سیکیورٹی اقدامات کیے گئے ہیں۔
کراچی میں چہلم امام حسینؓ کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوگا، جلوس ایم اے جناح روڈ، ایمریس مارکیٹ،تبت سینٹر ،ڈینسوہال سے ہوتا ہوا کھارادر میں اختتام پذیر ہوگا۔
جلوس کی سیکیورٹی پر 7 ہزار سے زائد پولیس اہلکار و افسران سمیت بڑی تعداد میں رینجرز اہلکار تعینات ہونگے۔
جلوس کی سیکیورٹی کو فول پروف بنانے کے لئے بی ڈی ایس ٹیمیں گزرگاہ کی سوئپنگ کریں گی، جلوس کی گزرگاہ میں آنیوالی بلند عمارتوں پر اسنائپرز تعینات ہونگے۔
جلوس کے روٹ پر آنیوالی تمام گلیاں اور لنک روڈز کو کنٹینر اور رکاوٹیں لگاکر سیل کیا جارہا ہے۔ جلوس کی گزرگاہ میں آنیوالی دکانوں کو بھی سیل کیا جارہا ہے۔
ذرائع کے مطابق کراچی میں نشتر پارک سے ایرانیان امام بارگاہ تک جلوس کے راستے سیل کردیئے گئے ہیں۔
واضح رہےکہ نواسہ رسولؐ سیدنا حضرت امام حسینؓ کا چہلم آج ملک بھر میں نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جارہاہے۔
چہلم حسینؓ کے موقع پر ملک بھر میں ذوالجناح، تعزیہ اور علم کے ماتمی جلوس نکالے جارہے ہیں، جس میں نوحہ خوانی کی جارہی ہے۔
اس موقع مجالس عزا بھی منعقد کی جارہی ہے، جن میں علماء کرام اور ذاکرین واقعہ کربلا پر روشنی ڈال رہے ہیں اور حضرت امام حسینؓ کو خراج عقیدت پیش کررہے ہیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News

 
                                  
                                  
                                  
                                  
                                  
                                  
                                  
                                  
                                 