 
                                                                              وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی کے لئے فنڈز مہیا کیے جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم پاکستان عمران خان سے وزیر اعظم ہاؤس اسلام آباد میں آزاد جموں وکشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی ملاقات ہوئی جس میں آزادکشمیر میں عدلیہ کے بحران کو حل کرنے پر بھی بات چیت کی گئی۔
ملاقات میں وزیر اعظم عمران خان اور صدر آزادکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے درمیان نیویارک میں ہونے والی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس پر بھی بات چیت کی گئی۔
اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان نے صدر ریاست بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کوہدایت کی کہ وہ خود اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں مسئلہ کشمیرکو اجاگر کرنے میں دلچسپی لیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ہم ہر حال میں کشمیری عوام کی حمایت جاری رکھیں گے اب جبکہ بھارت دنیا میں بدنام ہو رہا ہے ۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ اب دنیا کو کشمیری عوام کا حق تسلیم کرنا پڑے گا جبکہ انسانی حقوق کی پامالی کا نوٹس لیا جائے گا۔
وزیر اعظم عمران خان نے مزید کہا کہ آزادکشمیر میں ہم بہتری کی توقع رکھتے ہیں، آزادکشمیر کی تعمیر و ترقی کے لئے فنڈز مہیا کیے جائیں گے۔
دوسری جانب وزیر اعظم عمران خان سے قومی کرکٹ ٹیم کی بھی ملاقات ہوئی ، ملاقات کے دوران پاکستان میں ڈومیسٹک سسٹم سمیت کرکٹ کے امور پر بات چیت کی گئی۔
ملاقات میں وزیر اعظم نے کھلاڑیوں کو ٹی 20 ورلڈ کپ سے متعلق ٹپس دیں جبکہ وزیر اعظم نے کھلاڑیوں کو بے خوف ہوکر ورلڈ کپ کھیلنے کا بھی مشورہ دیا۔
وزیر اعظم نے کھلاڑیوں کو ہدایت دی کہ موجودہ حالات میں بہترین پرفارمنس سے جواب دیں۔ آپ میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں پوری دنیا پاکستانیوں کے ٹیلنٹ کو تسلیم کرتی ہے جبکہ آپ دنیا میں پاکستان کے نمائندے و سفیر ہیں۔
وزیر اعظم عمران خان نے کھلاڑیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کھیلوں کےلئے محفوظ ملک ہے۔ آپ اپنی پرفارمنس بہتر بنانے پر فوکس کریں، انشاء اللہ جلد پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ ہوگی۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ تاریخ گواہ ہے، بدر میں 313 نے بڑی فوج کو شکست دی اور صرف 13 سال میں دنیا کی سب سے بڑی سلطنتوں، رومیوں اور فارسیوں کو شکست دے دی۔ ہم نے ہی کرکٹ میں اٹیکنگ ٹیکنیک کو متعارف کرایا۔ ہار سے انسان سیکھتا ہےکوئی بھی کامیاب شخص ایسا نہیں گزرا جو زندگی میں ہارا نہ ہو جبکہ دن کے اختتام پر اپنا محاسبہ کرنے سے انسان اپنی غلطیوں کو سدھارتا ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ وہ ٹیم کبھی نہیں جیتتی جو ہار سے بچنے کیلئے کھیلے، آپ میں ٹیم سپرٹ ہونا چاہیے۔ میدان میں جب اتریں تو خود اعتمادی اور جیتنے کے جذبے سے اتریں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ آپکو جارہانہ انداز میں کھیلنا ہے، دفاعی نقطہ نظر سے کھیلنے والی ٹیم کبھی نہیں جیتتی،میں جب کھیلتا تھا تو ہم نے کرکٹ کو برے حالات سے نکال کر ورلڈ کپ جیتا۔
وزیر اعظم عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ محنت سے ایک مضبوط ٹیم بنیں پوری قوم کی آپسے امیدیں وابستہ ہیں، ٹیم کو اعصابی طور پر مضبوط کریں. پریشر میں پریشان ہونے کی بجائے پریشر سے لطف اندوز ہونا سیکھیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News

 
                                  
                                  
                                  
                                  
                                  
                                  
                                  
                                  
                                 