
لاہورسمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارشیں، وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے واسا اور انتظامیہ کو الرٹ کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کا اس حوالے سے کہنا ہےکہ نشیبی علاقوں میں بارش کے پانی کے جلد نکاس کو یقینی بنایاجائے۔ واسا حکام اور انتظامیہ نکاسی آب کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں۔
انہوں نے ہدایت جاری کی ہے کہ نکاسی آب کو کم سے کم وقت میں یقینی بنایا جائے۔ نکاسی آب کے کام میں غفلت برداشت نہیں ہوگی۔
وزیرعلیٰ پنجاب نے کہاکہ شہریوں کو کسی قسم کی مشکل کا سامنا نہیں ہوناچاہیے۔ ٹریفک رواں دواں رکھنے کے لئے خصوصی انتظامات کیے جائیں۔
ان کا کہنا تھاکہ واسا، انتظامی اور ٹریفک پولیس کے حکام فیلڈ میں موجود رہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ریسکیو 1122اورپی ڈی ایم اے کو بھی ہمہ وقت چوکس رہنے کی ہدایت کی ہے۔
ان کا مزید کہنا ہےکہ کسی بھی حادثے کی صورت میں فوری امدادی سرگرمیاں شروع کی جائیں۔
واضح رہےکہ لاہور میں صبح سویرے سے موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے ، جس کے باعث نشیبی علاقوں میں ناصرف پانی جمع ہو گیا بلکہ اس صورتِ حال سے ٹریفک کی روانی بھی شدید متاثرہے۔
نئے مون سون سسٹم کا الرٹ جاری
محکمہ موسمیات نے ملک میں نئے مون سون سسٹم کا الرٹ جاری کردیاہے، ملک کے بالائی حصوں میں مون سون کا نیا سسٹم داخل ہو گیا ہے۔
کراچی شہر میں چوتھے مون سون اسپیل کی پیش گوئی کر دی گئی ہے، 23 ستمبر سے بارشیں متوقع ہیں، شہرقائد میں یہ سلسلہ 25 ستمبر تک گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش برسائے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اس سسٹم سے شہر میں کہیں درمیانہ درجہ کی اور کہیں کہیں تیز بارش متوقع ہے۔
ماہرین موسمیات کی ایک اور رپورٹ کے مطابق ملک کے کئی علاقوں میں اتوار اور پیر سے بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق بارشوں کے اس سلسلے کے باعث ملک کے شمالی علاقوں میں موسم ٹھنڈا ہو جائے گا جبکہ اسلام آباد، پنجاب اور سندھ میں بارشیں ہونے کی صورت میں گرمی کی شدت میں واضح کمی آئے گی۔
ماہرین موسمیات کا کہنا ہےکہ رواں ماہ کے دوران اب تک ہونے والی غیر متوقع بارشوں کی وجہ سے بیشتر علاقوں میں پہلے ہی درجہ حرارت میں واضح کمی آ چکی، جبکہ مزید بارشوں کی صورت میں موسم مزید خوشگوار ہو جائے گا۔
یاد رہے کہ رواں سال ملک میں مون سون سیزن معمول سے کچھ زیادہ طویل ہو گیا۔ عمومی طور پر مون سون سیزن کے دوران ماہ اگست میں زیادہ بارشیں ریکارڈ کی جاتی ہیں، تاہم رواں برس ماہ ستمبر میں بھی ٹھیک ٹھاک بارشیں ہوئی ہیں، جبکہ رواں ماہ کے دوران مزید بارشوں کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News