
جامعہ گجرات کے زیرِ اہتمام ڈسٹرکٹ پولیس آفس میں تربیتی ورکشاپ کا انعقاد ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق جامعہ گجرات کے شعبہ سائیکالوجی کی جانب سے ڈسٹرکٹ پولیس آفس میں اینٹی ویمن ہراسگی و تشدد سیل کے وکٹم سپورٹ افسروں کے لیے تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا، تربیتی ورکشاپ کا مقصد سپورٹ افسروں کو ہراسگی و تشدد کا شکار خواتین کو نفسیاتی و جذباتی سطح پر فوری امداد مہیا کرنے کے طریق کار سے آگاہی فراہم کرنا تھا۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شبر عتیق کی ہدایت پر جامعہ گجرات کے شعبہ نفسیات نے بہترین سماجی و فلاحی خدمات کے لیے اس تربیتی ورکشاپ کے انعقاد کا بیڑا اٹھایا، جامعہ گجرات کے شعبہ سائیکالوجی کی چیئر پرسن ڈاکٹر بشریٰ اکرم اور اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر بشریٰ بی بی نے تربیتی ورکشاپ میں بطورِ ریسورس پرسن شرکت کرتے ہوئے حال ہی میں قائم ہونے والے ہراسگی و تشدد سیل کے افسران کو سماجی و نفسیاتی تجربات کی روشنی میں متاثرہ خواتین کو امداد مہیا کرنے کے عمل و طریق کار پر تفصیلاً روشنی ڈالی۔
ڈاکٹر بشریٰ اکرم نے ہراسگی و تشدد کے نفسیاتی پہلوؤں پر تفصیلی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ خواتین پاکستانی معاشرہ کا اہم حصہ ہیں، دورِ حاضر میں خواتین کی شراکت کے بغیر کوئی معاشرہ بھی حقیقی معنوں میں ترقی نہیں کر سکتا۔
ڈاکٹر بشریٰ اکرم کا کہنا تھا کہ خواتین پر بے جا تشدد اور ان کو ہراساں کرنا ایک المیہ ہے، خواتین پر تشدد و ہراسگی ایک بزدلانہ فعل ہے، معاشرے کے تمام طبقات کو تشدد و ہراسگی کا شکار خواتین کے لیے ڈٹ کر کھڑا ہونے کی ضرورت ہے۔
اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر بشریٰ بی بی نے تشدد و ہراسگی کا شکار خواتین کو نفسیاتی سطح پر بحال کرنے کے لیے مختلف اقدامات و تجاویز کا تذکرہ کیا۔
قبل ازیں اسسٹنٹ سپر نٹنڈنٹ پولیس ڈاکٹر انعم نے پنجاب کے مختلف اضلاع میں حال ہی میں قائم ہونے والے اینٹی ویمن ہراسگی و تشدد سیل کی اہمیت و کردار پر تفصیلی روشنی ڈالی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News