
محسن پاکستان ڈاکٹر عبد القدیر خان کی تدفین ایچ 8 قبرستان میں کرنے کا حتمی فیصلہ ہوگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اس حوالے سے وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے بتایاکہ انہوں نے دو مرتبہ ڈاکٹر عبدالقدیر کی فیملی سے رابطہ کیا، ڈاکٹر عبدالقدیر کی خواہش کے مطابق ان کی تدفین ایچ ایٹ قبرستان میں ہوگی۔
شیخ رشید نے بتایاکہ انتظامیہ کو ایچ ایٹ قبرستان میں ڈاکٹر عبدالقدیر کی قبر کی تیاری کی ہدایات جاری کردی گئی ہے، 3 بجے سے قبل ڈاکٹر عبدالقدیر کی قبر تیار ہوجائے گی۔
وزیرداخلہ نے کہاکہ فیصل مسجد میں بھی ان کی قبر تیار کروائی گئی ہے،فیملی کی خواہش کے مطابق ڈاکٹر عبدالقدیر کی تدفین ایچ ایٹ قبرستان میں ہوگی۔
ان کا مزید کہناتھا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کےانتقال پرپوری قوم غمزدہ ہے، قومی پرچم سرنگوں رہے گا، ڈاکٹر قدیر کو پورے اعزازکے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا، ان کی خدمات کسی تعارف کے محتاج نہیں۔
فیصل مسجد اسلام آباد آمد
ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی نماز جنازہ کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ
ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی جائے قبر کا جائزہ۔
سی ڈی اے اور انتظامیہ کو ضروری ہدایات pic.twitter.com/YdcJFpNqdp
— Sheikh Rashid Ahmed (@ShkhRasheed) October 10, 2021
وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی ہے تمام وزرا نماز جنازہ میں شرکت کریں، پاکستان کے محسن کی پورے اعزاز کے ساتھ تدفین کی جائےگی۔
انہوں نے بتایاکہ مسلح افواج کے حکام اورجوائنٹ چیفس آف اسٹاف بھی نماز جنازہ میں شرکت کریں گے۔
شیخ رشید نے کہاکہ ڈاکٹر عبد القدیر خان کی بیٹی سے میری بات ہوئی ہے ، محسن پاکستان کے اہل خانہ جو فیصلہ کریں گے، اس پرعمل کیا جائےگا۔
واضح رہےکہ محسن پاکستان ایٹمی سائنسدان ڈاکٹرعبدالقدیر خان انتقال کرگئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق طبیعت ناساز ہونے کے باعث اسپتال کے آئی سی یو وارڈ میں منتقل کیا گیا تھا۔
ڈاکٹر عبدالقدیر خان کچھ ہفتے پہلے کورونا سے متاثر ہوئے تھے۔ وہ پہلے الشفا ہسپتال اور بعد میں ملٹری ہسپتال میں زیر علاج رہے۔
ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کی گئیں ، ملٹری ہسپتال میں کورونا سے صحت یاب ہونے کے بعد انہیں گھر منتقل کر دیا گیاتھا۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ رات پھیپھڑوں کے مرض کے سبب ان کی طبعیت اچانک خراب ہوگئی، جس کے باعث انہیں قریبی کے آر ایل ہسپتال منتقل کیا گیا۔
ڈاکٹروں کی جان توڑ کوششوں کے باوجود ڈاکٹر عبدالقدیر خان جانبر نہ ہو سکے اور آج صبح اچانک حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کرگئے، ان کی تدفین اسلام آباد میں ہوگی۔
ان کی وصیت کے مطابق نماز جنازہ فیصل مسجد میں ادا کی جائے گی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News