
وفاقی وزیر فواد چوہدری کا کہنا ہےکہ ہم نے اپنی معیشت، سیاست اور خارجہ پالیسی کشمیری عوام کی امنگوں کی نظر کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد چوہدری نے یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر ویڈیو پیغام جاری کیا ہے ، جس میں ان کا کہنا ہےکہ 27 اکتوبر اس جدوجہد کا نکتہ آغاز ہے جو کشمیر کے عوام نے آج سے کئی عشرے قبل ہندوستان کے ناجائز تسلط کے خلاف شروع کی۔
#Kashmir pic.twitter.com/YM0CE5T7lD
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) October 27, 2021
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہاکہ اس جدوجہد میں ماﺅں نے اپنے لعل، بہنوں نے اپنے بھائی، سوہاگنوں نے اپنے سوہاگ اور بچوں نے اپنے باپ کھوئے ہیں، ہزاروں مسنگ پرسنز بھارتی جیلوں میں دم توڑ گئے، جبر، استبداد اور استحصال کی وہ مثالیں بھارت کشمیر میں روزانہ قائم کرتا ہے جن کی دنیا ہمیشہ سے مذمت کرتی رہی ہے۔
فواد چوہدری نے کہاکہ جب سے بھارت میں نریندر مودی کی حکومت اقتدار میں آئی، جبر، استبداد اور استحصال کا یہ سلسلہ ایک نئے بام عروج کو پہنچا ہے،27 اکتوبر کے دن پاکستان کی قوم اپنے کشمیری بھائیوں سے یکجہتی کا اظہار کرتی ہے، ہم نے کشمیر کے لئے تین جنگیں لڑی ہیں، ہمارے قبرستان ان شہیدوں کے خون سے مہک رہے ہیں جنہوں نے کشمیر کے لئے قربانیاں دیں۔
وفاقی وزیر نے کہاکہ ہم نے اپنی معیشت، اپنی سیاست اور اپنی خارجہ پالیسی کشمیری عوام کی امنگوں کی نظر کی ہے، جس طرح ہم پچھلی سات دہائیوں سے کشمیری عوام کے پیچھے کھڑے ہیں، اسی جذبے سے عمران خان کی حکومت کشمیری عوام کے ساتھ کھڑی ہے، آج وزیراعظم عمران خان کشمیر کے سفیر ہیں اور پوری دنیا میں کشمیر کے مسئلہ پر سب سے مضبوط آواز اٹھائی جا رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ انشاءاللہ جبر کا یہ دور ختم ہوگا، آزادی کا سورج طلوع ہوگا اور کشمیر کے لوگ وہ دن بھی دیکھیں گے جب ان کی اپنی حکومت ہوگی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News