
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی آئندہ ہفتے ایران کا اہم دورہ کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی 26 اکتوبر کو ایران روانہ ہوں گے، وزیر خارجہ کے ہمراہ وفد میں سیکرٹری خارجہ سہیل محمود اور نمائندہ خصوصی برائے افغانستان محمد صادق خان بھی شامل ہوں گے۔
سفارتی ذرائع کے مطابق وزیر خارجہ ایران میں روس کی ایک بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت بھی کریں گے،27 اکتوبر کو ہونے والی کانفرنس میں روس اور چین سمیت افغانستان کے 6 ہمسایہ ممالک کے وزرائے خارجہ شرکت کریں گے۔
سفارتی ذرائع کے مطابق کانفرنس میں روس ، چین، پاکستان ، ایران، تاجکستان،ازبکستان اور ترکمانستان کے وزرائے خارجہ و اعلیٰ حکام شرکت کریں گے۔
سفارتی ذرائع وزیر خارجہ کو کانفرنس میں شرکت کی دعوت ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے دی تھی۔
کانفرنس میں افغانستان میں انسانی بنیادوں پر امداد کی فراہمی، طالبان عبوری حکومت کے اپنے وعدوں پرعمل درآمد، افغانستان میں انسانی حقوق کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
سفارتی ذرائع کے مطابق افغانستان عبوری حکومت میں مختلف نسلی گروہوں کی شمولیت کے حوالے سے معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا جائت گا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کانفرنس کی سائیڈ لائنز پر روس، چین، ایرانی، تاجک و دیگر ہم منصبوں سے ملاقاتیں کریں گے۔
، سفارتی ذرائع کے مطابق دورے کے دوران وزیر خارجہ کی ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی سمیت سیاسی قیادت سے بھی ملاقاتوں کا امکان ہے۔
واضح رہےکہ وزیراعظم عمران خان آج ایک روزہ دورے پر لاہور پہنچیں گے۔
وزیر اعظم عمران خان و وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں ملاقات کریں گے اور ملاقات کے دوران صوبے کی سیاسی و مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوگا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار وزیراعظم عمران خان کو بلدیاتی اداروں کے بارے میں حکومتی اقدامات کے حوالے سے آگاہ کریں گے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کو لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال کے بارے میں بریفنگ بھی دی جائے گی۔
خیال رہے کہ وزیراعظم سے حلقہ این اے 133 کے انتخابات کے بارے میں حکمت عملی پر بھی مشاورت ہوگی۔
واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کو عشرہ رحمت العالمینﷺ کی رپورٹ بھی پیش کی جائے گی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News