
چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) مزمل حسین نے کہا ہے کہ دیامر بھاشا ڈیم ملک میں پائیدار ترقی کیلئے اہم ترین منصوبہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ر) مزمل حسین نے زیرِ تعمیر دیامر بھاشا ڈیم کا دورہ کیا، دورے میں دیامر بھاشا ڈیم پر جاری تعمیراتی کام کا جائزہ لیا گیا، کمانڈر 10 کور لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا بھی دورے میں چیئرمین واپڈا کے ہمراہ تھے۔
کمانڈر 10 کور لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا نے کہا کہ دیامر بھاشا ڈیم قومی اہمیت کا منصوبہ ہے، پاک فوج پراجیکٹ ایریا میں محفوظ اور سازگار ماحول کیلئے پر عزم ہے۔
چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) مزمل حسین نے کہا کہ دیامر بھاشا ڈیم ملک میں پائیدار ترقی کیلئے اہم ترین منصوبہ ہے، دیامر بھاشا ڈیم کی بروقت تکمیل کیلئے تمام متعلقہ فریقین کی جانب سے مربوط کوششوں کی ضرورت ہے۔
چیئرمین واپڈا کا کہنا تھا کہ دیامر بھاشا ڈیم کی 8 سائٹس پر بیک وقت تعمیراتی کام جاری ہے، منصوبے کی تکمیل پر 8.1 ملین ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ ہوگا، 1.23 ملین ایکڑ زمین سیراب ہوگی، 4 ہزار 500 میگا واٹ صلاحیت کے دیامر بھاشا ڈیم سے ہر سال 18 ارب یونٹ سستی پن بجلی حاصل ہوگی، پراجیکٹ ایریا میں مقامی لوگوں کی ترقی کیلئے 78 ارب 50 کروڑ روپے خرچ کئے جا رہے ہیں۔
دورے میں چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) مزمل حسین کو بریفنگ دی گئی کہ دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیر کیلئے ملازمتوں میں مقامی افراد کو ترجیح دی جارہی ہے، دیامر بھاشا ڈیم پر اس وقت 3 ہزار 200 مقامی افراد کام کر رہے ہیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News