وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عبد القیوم نیازی نے کہا ہے کہ عمر شریف نے مزاح کی دنیا میں اپنی پہچان قائم کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عبد القیوم نیازی نے معروف کامیڈین عمر شریف کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عمر شریف نے مزاح کی دنیا میں اپنی پہچان قائم کی، عمر شریف کی فنی خدمات کو تادیر یاد رکھا جائے گا۔
سردار عبد القیوم نیازی نے کہا کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت کرے اور اہلِ خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔
دوسری جانب وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے اخباری مالکان اور سینئر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا آزاد کشمیر میں سیاحت، مواصلات، شاہرات، ٹنلز کی تعمیر، صحت عامہ، آئی ٹی، زراعت، جنگلات اور لائن آف کنٹرول کے لیے 500 ارب روپے کے خصوصی پیکج کا اصولی فیصلہ ہو چکا ہے جس کا اعلان وزیراعظم پاکستان عمران خان خود اعلان کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کو کرپشن فری اور بلا تخصیص احتساب یقینی بنائیں گے، وزیراعظم پاکستان کے ویژن کے مطابق آزاد کشمیر میں تعمیر و ترقی اور خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوگا، آزاد کشمیرمیں بلدیاتی الیکشن کے انعقاد سے اقتدار نچلی سطح تک منتقل ہوگا اور ریاست کی ترقی اور عوام خوشحال ہو گی، میڈیا ریاست کا چوتھا ستون ہے، صحافیوں کے لیے ریسٹ ہاؤسز اور کالونیاں بنائیں گے، حکومت نے اپنے منشور پر عملدر آمد کے لیے لانگ ٹرم، مڈ ٹرم، اور شارٹ ٹرم پلان تیار کر لیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی، عوام کی فلاح و بہبود اور تحریک آزادی کشمیر ہماری ترجیحات میں شامل ہیں۔
وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ آزاد کشمیر میں بلا تخصیص احتساب کا عمل شروع کیا جا رہا ہے، کرپشن سے پاک معاشرہ قائم ہوگا تب ہی یہ قوم ترقی کرے گی، آزادکشمیر کی تعمیر و ترقی، عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی ریاست کی معاشی خود کفالت کی جانب لے کر جانے اور ریاست سے کرپشن کا خاتمہ کرنے کا مشن لے کر آئے ہیں، تحریک آزادی کشمیر ہماری اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں تحریک انصاف کی حکومت وزیراعظم پاکستان کے ویژن کی عکاس ہے، وزیراعظم پاکستان کے ویژن کے تحت ریاست کے عوام کی خدمت کا جذبہ لے کر آئے ہیں، عوام کی فلاح و بہبود اور ترقی کا مشن مکمل کریں گے۔
وزیراعظم آزاد کشمیر نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ بلدیاتی الیکشن کے انعقاد سے اقتدار نچلی سطح پر منتقل ہوگا اور اس سے ریاست کی عوام میں ترقی اور خوشحالی آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ پاک فوج کو سلام پیش کرتا ہوں جو لائن آف کنٹرول پر قربانیاں دے رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مثبت صحافت کو فروغ دیں اور توقع رکھتا ہوں کہ حکومت کی مثبت پالیسیسوں اور ترقی و خوشحالی کے کاموں کو عوام تک پہچانے اور تحریک آزادی کشمیرکے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے، آزاد کشمیر بھر میں عوام کی آگاہی کے لیے خصوصی ہفتے منانے کا سلسلہ شروع کر دیا ہے، صفائی مہم سے آغاز کر دیا گیا ہے، تمام اضلاع میں صفائی مہم زور و شور سے جاری ہے۔
وزیراعظم سردار عبد القیوم نیازی نے کہا کہ سیاحت کے شعبہ میں ترقی، تجاوزات کا خاتمہ اور لائن آف کنٹرول کے عوام کو سہولیات کی فراہمی کے لئے بھی خصوصی ہفتے منائیں گے، آزاد کشمیر میں بے روزگاری کے خاتمے کے لیے فنی تعلیم کو فروغ دے رہے ہیں، ٹویوٹا کے زیرِ اہتمام نوجوانوں کو فنی تعلیم دیں گے اور اس کے لیے 1 ارب روپے کے فنڈز مختص کریں گے، آزادکشمیر کے عوام جلد مثبت تبدیلی دیکھیں گے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News