وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ عوام کنگ آف کامیڈی عمر شریف کی نماز جنازہ میں بڑی تعداد میں شرکت کریں۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ عوام عمر شریف کی نماز جنازہ میں بڑی تعداد میں شرکت کر کے دنیا کو پیغام دیں کہ ہم اپنے لیجنڈز کو دنیا سے گزرنے کے بعد بھی یاد رکھتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق کراچی ایئر پورٹ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پی پی رہنما اور صوبائی وزیر سعید غنی کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ نے کراچی کے شہید ملت روڈ پر انڈر پاس کو عمر شریف کے نام سے منسوب کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عالمی شہرت یافتہ کامیڈی کنگ عمر شریف کی نماز جنازہ سہہ پہر تین بجے عمر شریف پارک میں ادا کی جائے گی، پارک میں نماز جنازہ کے لیے وسیع جگہ موجود ہے، پارک میں صفائی ستھرائی کے احکامات بھی دے دیے گئے ہیں، عمر شریف کی تدفین عبداللٌٰہ شاہ غازی مزار کے احاطے میں کی جائے گی۔
وزیر اطلاعات سندھ کا کہنا تھا کہ ٹریفک کنٹرول کرنے کے لیے اہلکار تعینات ہوں گے، ٹریفک پولیس اور ضلعی پولیس کو بھی تعینات کیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ جن لوگوں نے دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کیا ان میں عمر شریف بھی شامل تھے، ہم نے عمر شریف کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا، عمر شریف کے بیٹے سے مستقل رابطہ ہے۔
کنگ آف کامیڈی عمر شریف کا جسد خاکی کراچی پہنچا دیا گیا
پاکستان کے عالمی شہرت یافتہ لیجنڈری فنکار عمر شریف کا جسد خاکی پورے اعزاز کے ساتھ کراچی پہنچا دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ترکش ائیر لائن کی پرواز TK-708 نے رات 12 بج کر 53 منٹ پر استنبول سے اڑان بھری اور آج (6 اکتوبر کی) صبح تقریباً 5 بج کر 33 منٹ پر کراچی ائیر پورٹ پر لینڈ کیا۔
کنگ آف کامیڈی عمر شریف کی بیوہ زرین غزل اور جرمنی سے قونصل جنرل امجد علی بھی ان کے جسد خاکی کے ہمراہ جرمنی سے کراچی پہنچے ہیں۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق عمرشریف کی میت ائیر پورٹ کارگو ٹرمینل سے لواحقین کے حوالے کی گئی۔
عمر شریف کا جسد خاکی وصول کرتے وقت ان کے بیٹے جواد عمر اور دیگر احباب بھی موجود تھے۔
صوبائی وزیر اطلاعات سعید غنی بھی عمر شریف کی میت وصول کر نے کے لیے کراچی ائرپورٹ پر موجود تھے۔
ضابطے کی کارروائی مکمل ہونے کے بعد عمرشریف کے جسد خاکی کو قومی پرچم میں لپیٹ کر ایئر پورٹ سے ایدھی سرد خانے منتقل کردیا گیا۔
واضح رہے کہ آج دوپہر 3 بجے ان کے نام سے منسوب عمر شریف پارک کلفٹن بلاک 2 میں ادا کی جائے گی جس کے بعد ان کی تدفین عبداللہ شاہ غازی قبرستان میں کی جائے گی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
