
چیئرمین ریلویز حبیب الرحمن گیلانی نے کہا ہے کہ ریلوے ٹریک سے گزرنے والی چیزوں کو پراسیس کرتے وقت سیفٹی کو ضرور مد نظر رکھا جائے۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین ریلویز حبیب الرحمن گیلانی نے ریلوے ہیڈ کوارٹر آفس لاہور میں ریلوے ٹریک کہ ارد گرد ڈیپازٹ ورک اور این او سی سے متعلق بریفنگ لیتے ہوئے کہا کہ ریلوے ٹریک کے ساتھ یا ٹریک کہ اوپر نیچے سے گزرنے والی تنصیبات کی منظوری میں تاخیر نہیں ہونی چاہئیے، چیزوں کی مانیٹرنگ ہوگی تو کام خود بخود ٹھیک ہوتے جائیں گے، ریلوے ٹریک سے گزرنے والی چیزوں کو پراسیس کرتے وقت سیفٹی کو ضرور مد نظر رکھا جائے۔
حبیب الرحمن گیلانی کا کہنا تھا کہ 90 فیصد این او سی کے کیسز انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ سے متعلق ہوتے ہیں جن میں گیس پائپ لائن گزارنا، سیوریج لائن کی کراسنگ، کیبل گزارنا، ٹریک کے اوپر سے اوور ہیڈ برج اور انڈر برجز کے کاموں کی اجازت درکار ہوتی ہے، ان تمام کاموں کو ریلوے قوانین کے تحت تین ماہ میں مکمل کر کے اجازت دی جائے تاکہ ریلوے کی جانب سے کسی قسم کی تاخیر نہ ہو، آئندہ ایسے تمام کاموں کے لیے ڈویژنل سپرنٹنڈنٹس کو جیسے ہی کوئی درخواست موصول ہو اس پر فوری کارروائی مکمل کر کے ریلوے ہیڈ کوارٹرز میںفائنل منظوری کے لئے بھجوایا جائے اور اس کی کاپی ڈی جی ٹیکنیکل کو منسٹری بھجوائی جائے تاکہ کام کی مانیٹرنگ ہو سکے۔
بعد ازاں میسرز وارث انٹرنیشنل اور میسرز پلیسراینڈ تھیورر کے چیف ایگزیکٹو آفیسر طارق فاروق نے چیئرمین ریلویز حبیب الرحمن گیلانی کو میکانائزڈ طریقے سے ٹریک کی دیکھ بھال کے حوالے سے بریفنگ دی جس میں مختلف آپشن کے ساتھ ریلوے ٹریک کو جدید مشینری کے ساتھ مرمت و دیکھ بھال کے حوالے سے پلان پیش کیا۔
چیئرمین ریلویز نے ریلوے افسران کے ساتھ مل بیٹھ کر مشاورت کرنے اور ایک ماہ بعد دوبارہ بریفنگ کے لئے دو طرح کے ماڈل تیار کرنے کے لئے کہا۔
چیئرمین ریلویز حبیب الرحمن گیلانی نے مزید کہا کہ ریلوے میں کچھ کام آوٹ سورس کرنے اور کچھ خود کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ریلوے میں وقت کے ساتھ ساتھ جدید تقاضوں کے ساتھ بہتری لائی جاسکے۔
واضح رہے کہ اس موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان ریلویز نثار احمد میمن، ایڈیشنل جنرل منیجر انفراسٹر کچر ارشد سلام خٹک، ایڈیشنل جنرل منیجر مکینکل سلمان صادق شیخ، ڈی جی ٹیکنیکل غلام قاسم، چیف انجنئیر اوپن لائن عرفان الحق اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News