
مسلم لیگ (ن) پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کو صرف اپنے رشتے داروں اور فرنٹ مینوں کو ہی نوازنا آتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے اپنے جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ پنجاب میں اس وقت ایک نہیں چار ، چار وزیر اعلیٰ ہیں، عثمان بزدار کو صرف اپنے رشتے داروں اور فرنٹ مینوں کو ہی نوازنا آتا ہے، پنجاب کی عوام کے لئے وزیر اعلیٰ ہاﺅس میں ایک بھی فیصلہ نہیں ہوتا، وزیر اعلیٰ ہاﺅس پنجاب میں صرف تونسہ اور میانوالی کے منصوبوں کےلئے اجلاس ہوتے ہیں۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ ہاﺅس پنجاب کو ہاﺅس آف تونسہ ڈکلیئر قرار دے دینا چاہیے، تین سالوں میں لاہور میں صرف فردوس مارکیٹ انڈر تعمیر ہوا وہ بھی تاحال نا مکمل ہے، تونسہ اور میانوالی کے سالانہ فنڈز مالی سال کے پہلے 6 ماہ میں ہی خرچ کردیے جاتے ہیں، سردار عثمان بزدار صاحب پنجاب میں کونسی ترقی ہو رہی ہے جس سے ہم حسد کریں گے؟
انہوں نے کہا کہ عثمان بزدار صرف پنجاب میں ترقی اور خوشحالی کے سفر کو بریک لگانے آئے ہیں، جو وزیر اعلیٰ وفاق سے صوبے کا حق نہیں لے سکتا وہ ڈلیور خاک کرے گا، پنجاب میں مہنگائی، غربت اور بے روزگاری اپنے عروج کو پہنچ چکی ہے۔
مسلم لیگ (ن) پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری کا مزید کہنا تھا کہ شہباز شریف نے جتنی محنت کے ساتھ پنجاب کو خوشحال اور پر امن صوبہ بنایا، عثمان بزدار نے اتنی ہی محنت سے پنجاب کو بد حال اور تباہ حال صوبہ بنا دیا ہے، عثمان بزدار وزیر اعلیٰ کم چابی والے کھلونے زیادہ ہیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News