
وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبد القیوم نیازی نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کشمیریوں کے محسن ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبد القیوم نیازی نے تحریک انصاف آزاد کشمیر کے امیدوار یاسر سلطان کو بھاری اکثریت سے جیت پر مبارکباد دی جبکہ وزیراعظم سردار عبد القیوم نیازی نے صدر ریاست بیرسٹر سلطان محمود کو بھی یاسر سلطان کی کامیابی پر بھی مبارکباد دی۔
عبد القیوم نیازی نے کہا کہ آج میرپور والوں نے ایک بار پھر وزیراعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کو ووٹ دیا۔
وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر کا کہنا تھا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کشمیریوں کے محسن ہیں اور کشمیری اپنے محسن اور سفیر کو اپنے لیے امید کی کرن سمجھتے ہیں۔
عبد القیوم نیازی کا یہ بھی کہنا تھا کہ آزاد کشمیر حکومت نے وزیراعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کی روشنی میں شفاف اور غیر جانبدارانہ الیکشن کو یقینی بنایا۔
وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبد القیوم نیازی کا مزید کہنا تھا کہ پرامن اور شفاف الیکشن کے انعقاد پر الیکشن کمیشن، پولیس اور دیگر تمام ادارے بھی تحسین کے مستحق ہیں۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف نے آزاد کشمیرقانون ساز اسمبلی کے حلقے ایل اے 3 میرپور کی سیٹ ضمنی انتخاب میں اپنے نام کرلی ہے۔
ایل اے 3 میرپور آزاد کشمیرکے تمام پولنگ اسٹیشن کے غیرحتمی و غیرسرکاری نتائج کے مطابق پی ٹی آئی کے امیدواریاسر سلطان20142ووٹ لیکر کامیاب ہوگئے جبکہ ان کے مدمقابل پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدوارچو ہدری محمدسعید11608ووٹ لیکردوسرےنمبرپر رہے۔
غیرحتمی و غیرسرکاری نتائج کے مطابق ٹی ایل پی کے عمیر اصغر 3843 ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر رہے جبکہ پی پی پی کے چوہدری اشرف 1450 ووٹ لے کر چوتھے نمبر پر رہے۔
ایل اے 3 کی سیٹ پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر سلطان محمود نے خالی کی تھی۔
یاد رہے آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کی دو نشستوں پر ضمنی الیکشن کا انعقاد کیا گیا، میرپور ایل اے 3 اور کوٹلی ایل اے 12 میں پولنگ صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک جاری رہی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News