وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ورلڈ بینک نے تسلیم کیا ہے کہ ہماری حکومت میں غربت کم ہوئی ہے۔
عمران خان نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئےکہا کہ آج ٹیکنالوجی کی وجہ سے جھوٹ نہیں بولا جاسکتاْ، پوری دنیا میں الیکٹرانک ووٹنگ کا استعمال ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے سمجھ نہیں آتی اپوزیشن کو ٹیکنالوجی سے کیا مسئلہ ہے، حیران ہوں کہ اپوزیشن ووٹنگ کیلئے ٹیکنالوجی کا استعمال کیوں نہیں کرنا چاہتی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ صرف اگلے الیکشن کا سوچنے سے ملک آگے نہیں بڑھتے، ملک تب آگے بڑھتے ہیں جب وہ آنے والی نسلوں کا سوچتے ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ چین کی ترقی کا راز ان کی لیڈرشپ کی دور اندیشی ہے، جب تک ہمارے اندر یہ سوچ نہیں آجاتی قوم آگے نہیں بڑھ سکتی۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے کورونا وبا کا بہترین طریقے سے مقابلہ کیا، کورونا کی وجہ سے دنیا میں 100سال بعد اتنا بڑا بحران آیا ہوا ہے، کورونا کے دوران ہم نے اپنے لوگوں، معیشت اور روزگار کو بچایا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ جو چیزیں باہر سے مہنگی آتی ہیں ان کی قیمت میں مزید اضافہ متوقع ہے، اس میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان سمیت پوری دنیا میں مہنگائی ہوئی ہے لیکن ورلڈ بینک کے مطابق ہمارے دور حکومت میں پاکستان میں غربت کم ہوئی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ وہ ملک ترقی نہیں کرسکتا جس کے حکمران اور وزیر کرپشن کرتے ہوں، جس ملک میں قانون کی بالادستی ہو وہاں کبھی غربت نہیں آتی جبکہ غربت وہاں ہوتی ہے جہاں حکمران ملک کا پیسہ چوری کریں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ مہنگائی کے باوجود ن لیگ کے دور سے زیادہ سستی سڑکیں بنا رہے ہیں، ن لیگ کے تین سالوں میں 645کلومیٹر سڑکیں بنیں جبکہ تحریک انصاف کے دور میں 1750کلومیٹر سڑکیں بنیں۔
وزیراعظم عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ 22 کروڑ عوام کی اناج کی ضروریات پوری کرنے کیلئے پانی کی ضرورت ہے، 50سال بعد ملک میں پہلی بارڈیمز بن رہے ہیں۔ آج تک کسی نے درخت اگانے کا نہیں سوچا جبکہ ہم اب تک ڈھائی ارب درخت لگا چکے ہیں، 10ارب کا ٹارگٹ ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
