 
                                                                              گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ لڑکیوں کو وراثت میں حصہ ملنا چاہیئے۔
گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے جی سی خواتین یونیورسٹی کے کانووکیشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہزاروں بہنوں کو جائیداد میں اپنا حصہ بھائیوں کو دیتے دیکھا مگر کسی بھائی کو بہن کو اپنا حصہ دیتے نہیں دیکھا۔
ان کا کہنا تھا کہ دو میل دور اسکول میں ٹاٹ پر بیٹھ کر درختوں کے نیچے بیٹھ کر پڑھتا رہا، چیرٹی میں کام کر رہے، تین اسپتال قائم کئے، 200 فلٹریشن پلانٹ لگائے، انسانوں کی فلاح کیلئے کام کرنے والوں کو تاریخ میں یاد رکھا جاتا ہے، تعلیم مکمل کرنے والی طالبات ملک و قوم کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کی تعلیم کیلئے ضروری وسائل بروئے کار لا رہی ہے، کامیابی حاصل کرنے والی طالبات مبارک باد کی مستحق ہیں، بیٹیوں کو تعلیم بھی بیٹوں کے برابر دلوانی چاہیے، خواتین یونیورسٹی مدینہ ٹاؤن نے کم وقت میں زیادہ کامیابیاں حاصل کی ہیں، یونیورسٹی کی کامیابیوں پر انتظامیہ بھی مبارک کی مستحق ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ موجودہ دور میں اعلی تعلیم کے ساتھ ساتھ پیشہ ورانہ تعلیم بھی انتہائی ضروری ہے، جی سی ویمن یونیورسٹی کی عالمی رینکنگ بڑا اعزاز ہے، میں نے یونیورسٹی کانووکیشن میں تالی بجانے پر پابندی ختم کی، انجینئرنگ یونیورسٹی میں طالبات نے گولڈ میڈلز حاصل کئے، ہماری بچیاں ہر شعبے میں اہم سنگ میل طے کر رہی ہیں۔
چوہدری محمد سرور نے کہا کہ میڈلز اور ڈگریاں لینے والی طالبات کے روشن مستقبل کے لئے دعا گو ہوں، والدین اپنی آسائش ختم کر کے آپ کو تعلیم دلاتے ہیں، بچیوں کو وراثت میں حصہ ملنا چاہئے، بچیوں کو وراثتی حصہ نہ ملنا لمحہ فکریہ ہے، بچیوں کو اہمیت دیں، لڑکوں کے برابر سمجھنا چاہئے، طالبات کو ڈیجیٹل اکانومی کی تعلیم کے حصول میں مدد کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ یورپ میں ایک سو سال پہلے خواتین کو ووٹ ڈالنے کی اجازت نہیں تھی، بڑا عہدہ حاصل کرنے کے باوجود اپنی بنیاد کو نہیں بھولنا چاہئے، میں نے ٹاٹ پر درختوں کے نیچے بیٹھ کر تعلیم حاصل کی، تین اسپتال اور دو سو واٹر فلٹریشن پلانٹ چلا رہا ہوں، اپنے عہدے اور دولت کو عوام کی خدمت کے لئے استعمال کریں۔
گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے مزید کہا کہ تاریخ نے ہمیشہ انسانیت کی خدمت کرنے والوں کو یاد رکھا، آپ کے تعلیمی سفر کا اختتام مستقبل کے سفر کی شروعات ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
 
                                  
                                  
                                  
                                  
                                  
                                  
                                  
                                  
                                 