
وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ سندھ ترقیاتی پلان میں شامل منصوبوں پر کام کی رفتار کو تیز کیا جائے اور سندھ کے 14 کم ترقی یافتہ علاقوں کی سماجی و اقتصادی ترقی کا ہدف مقرر کیا جائے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت سندھ ترقیاتی پلان پر پیشرفت کے جائزے کے لیے اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، جس میں وفاقی وزرا ڈاکٹر فہمیدہ مرزا، اسد عمر اور محمد حماد اظہر موجود تھے۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ سندھ ترقیاتی پلان کا مقصد 14 اضلاع کے باسیوں کی معاشی اور معاشرتی ترقی ہے اور دیہی علاقوں میں خوشحالی لانے کے لیے سندھ کے کم ترقی یافتہ علاقوں کو ترجیح دی جانی چاہیے۔
وزیراعظم نے متعلقہ محکموں کو حیدرآباد تا سکھر موٹروے اور بدین، گھوٹکی، تھر، میرپور خاص، ٹنڈو محمد خان، حیدرآباد اور سانگھڑ میں اسپورٹس کمپلیکس کی تعمیر کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ منصوبوں کی مقررہ مدت میں تکمیل، شفافیت اور معیاری کام کو یقینی بنایا جائے۔
اجلاس کے بعد جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ 444 ارب روپے کا سندھ ترقیاتی پلان 48 پی ایس ڈی پی منصوبوں، 50 نان پی ایس ڈی پی اور 7 پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ منصوبوں پر مشتمل ہے۔
اجلاس کے شرکا کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ مالی سال 22-2021 کے لیے اس پلان کے تحت 26 ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دی جا چکی ہے اور 8 وفاقی وزارتوں اور محکموں کو 16.304 ارب روپے کی منظوری بھی دی جاچکی ہے۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ سندھ ترقیاتی پلان میں سڑکوں، موٹر وے، ہاوسنگ، آئی ٹی و ٹیلی کام، آبی و سائل، صحت، اعلی تعلیم، وکیشنل ٹریننگ، ڈیزاسٹر مینجمنٹ، ریلوے، توانائی اور کھیلوں کی سہولیات کے منصوبے شامل ہیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News