
سابق وزیر اعظم راجا پرویز اشرف نے کہا ہے کہ قانون سازی کے طریقے کار سے پاکستان کے پارلیمنٹ کے تقدس میں کمی واقع ہوئی ہے۔
راجا پرویز اشرف نے قومی اسمبلی میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ قانون سازی کے طریقے کار سے پاکستان کے پارلیمنٹ کے تقدس میں کمی واقع ہوئی ہے، آرڈیننسز پر اعتراض لگایا گیا کہ ان کی مدت پوری ہوچکی۔
ان کا کہنا تھا کہ آئین میں آرڈیننس کی مدت میں توسیع کا طریقہ کار درج ہے، ہمیں منی بجٹ پر بات تک کرنے نہیں دی جا رہی، چار پانچ افراد کی اکثریت سے 22 کروڑ لوگوں کیلئے قانون سازی کی جارہی ہے، ہم بھی عوام کے ووٹوں سے منتخب ہوکر آئے۔
انہوں نے کہا کہ اسد عمر نے منی بجٹ پر بات کرنے کی بجائے اپوزیشن پر تنقید کی، حکومت کا قانون سازی کا طریقہ کار ناقابل برداشت ہے، حکومتی وزرا میں تجربہ اور پارلیمانی دانش کا فقدان ہے، وزراء کو پتہ ہے عوام ان کے ساتھ نہیں، کہا جارہا ہے اپوزیشن کی وجہ سے ملک میں مہنگائی ہے۔
راجا پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ الزامات لگا کر تین سال ضائع کر دیئے گئے، الیکشن میں 22 کروڑ عوام آپ کو دن میں تارے دکھائیں گے، زرداری یا نواز شریف کو گالی دینے کا مقصد ہے عمران خان کو گالی دو، ساڑھے تین سال میں پٹرول، بجلی اور گیس کی اشیاء کی قیمتوں میں کتنا اضافہ ہوا۔
انہوں نے کہا کہ اسپیکر ایوان کے کسٹوڈین ہیں، اپنا غیر جانبدار کردا ادا کریں، اس وقت عوام کی کمر ٹوٹ چکی ہے، خواہش تھی وزیر خزانہ قیمتوں میں کمی اور ریلیف کیلئے ایوان میں آتے۔
سابق وزیر اعظم راجا پرویز اشرف کا مزید کہنا تھا کہ شاہ محمود قریشی اپنے مریدوں کے پاس تو جاسکتے ہیں ووٹرز کے پاس نہیں جاسکتے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News