پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے اجلاس کے دوران کورونا وبا کے دوران عوام کے ریلیف کے لئے اعلان کردہ 500 ارب روپے میں سے 314 ارب روپے خرچ ہی نہ کئے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔
پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں رانا تنویر حسین کی سربراہی میں پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ جس میں وزارت خزانہ کی جانب سے 1240 ارب روپے کے کورونا ریلیف پیکیج پر بریفنگ دی گئی۔
ارکان کے استفسار پر بتایا گیا کہ کورونا فنڈز ایمرجنسی رسپانس، طبی سامان اور ریلیف پر خرچ کیے گئے، عام شہریوں، کاروباری طبقے، زراعت اور چھوٹے صنعتی شعبے کو بھی ریلیف دیا گیا، کورونا ریلیف فنڈز میں سے 334 ارب روپے مالی سال 20-2019 جب کہ 187 ارب روپے سے زائد 21-2020 میں خرچ ہوئے۔ کورونا سے بچاؤ کی ویکسین اور دیگر سامان کی خریداری پر اب تک 352 ارب روپے خرچ ہوئے ہیں۔
اجلاس کے دوران وزارت خزانہ نے بتایا کہ کورونا کے دوران بجٹ سپورٹ کے لئے 2.6 ارب ڈالر کے بیرونی فنڈز ملے، پراجیکٹ فنڈنگ اور گرانٹس اس کے علاوہ ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: پی اے سی نے مشیر خزانہ شوکت ترین کو طلب کر لیا
پیپلز پارٹی کی حنا ربانی کھر نے استفسار کیا کہ عوام کو ریلیف دینے کیلئے 500 ارب روپے میں سے کتنے فنڈز خرچ کیے گئے، جس پر وزارت خزانہ کی جانب سے بتایا گیا کہ اس میں سے 186 ارب روپے خرچ ہو چکے ہیں۔ باقی 314 ارب روپے کے فنڈز متعلقہ وزارتوں کی طرف سے ڈیمانڈ آنے پر جاری ہوں گے۔
وزارت خزانہ کے جواب پر حنا ربانی کھر نے کہا کہ اس طرح تو اگلے تین سو سال میں بھی یہ فنڈز خرچ نہیں ہوں گے، اس سے پتہ چلتا ہے عوام کو ریلیف دینے کے معاملے پر جھوٹ بولا گیا۔
خواجہ آصف نے کہا کہ حکومت کی طرف سے سب اچھا کا تاثر دیا جارہا ہے، عبدالرزاق داود اور چیئرمین ایف بی آر سمیت معتبر لوگ ملک کے دیوالیہ ہونے کی باتیں کر رہے ہیں، وزارت خزانہ ہمیں گمراہ کرنے کے بجائے فنڈز کی اصل تصویر پیش کرے۔
یہ بھی پڑھیے: پی اے سی نے گاڑیوں پر اون منی کا نوٹس لے لیا
چیئرمین پی اے سی نے وزارت خزانہ سے کورونا کے نام پر بیرونی فنڈنگ کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے کہا کہ بتایا جائے کہ کورونا کے نام پر باہر سے آنے والے کتنے فنڈز خرچ کیے گئے۔
اجلاس کے دوران چیئرمین این ڈی ایم اے نے کمیٹی کو بتایا کہ این ڈی ایم اے کو مارچ 2020 سے دسمبر 2021 تک 168 ارب روپے ملے، جن میں سے انسدادِ کورونا کے لیے 144ارب روپے خرچ کیے گئے، چین نے انسداد کورونا کے لیے 40لاکھ ڈالر کی گرانٹ بھی دی، این ڈی ایم اے کے پاس 17 ارب 40 کروڑ روپے کا فنڈ دستیاب ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
