لاہورہائی کورٹ نے صوبائی محتسب پنجاب اعظم سلیمان کی تقرری کیخلاف درخواست بغیر سماعت کے ملتوی کر دی۔
درخواست گزار کے وکیل وقار اے شیخ کے التواء کی درخواست پر سماعت بغیر کاروائی ملتوی کی گئی۔
جسٹس شاہد وحید کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے سماعت ملتوی کی۔ فل بینچ میں جسٹس شمس محمود مرزا اور جسٹس ساجد محمود سیٹھی شامل ہیں۔
درخواست گزارکا مؤقف تھا کہ صوبائی محتسب کے کلرک کی بھرتی کیلئے بھی اہلیت مقرر ہے مگر صوبائی محتسب کے پنجاب کی تقرری کیلئے کوئی اہلیت مقرر نہیں کی گئی۔
عدالت میں مؤقف پیش کیا گیا کہ اعظم سلیمان کو صوبائی محتسب لگانے کیلئے قانون میں ترمیم کر دی گئی۔ ترمیم سے قبل قانون کےتحت ہائیکورٹ کے سابق جج کو تعینات کیا جا سکتا تھا۔ صوبائی محتسب کی تقرری کے لیے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سے مشاورت کرنا بھی ضروری ہے۔
درخواست گزار نے عدالت سے کہا کہ حکومت نے چیف جسٹس سے مشاورت نہ کرکے اختیارات سے تجاوز کیا۔ استدعا ہے کہ صوبائی محتسب اعظم سلیمان کی تقرری کالعدم قرار دی جائے۔
دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ، ملزمان کے نام ای سی ایل میں شامل کرنے کے طریقہ کار سے متعلق درخواست کی بھی سماعت ہوئی۔
سنگل بنچ نے درخواست مزید کارروائی کیلئے دو رکنی بنچ کو بھجوا دی۔ جسٹس مزمل اختر شبیر نے شہری آمنہ ملک کی درخواست پر سماعت کی۔
وکیل نیب نے کہا کہ ای سی ایل میں نام شامل کرنا ایگزیکٹو کا اختیار ہے اور وزارت داخلہ کارروائی کرنے کی مجاز ہے۔ کسی بھی شہری کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کیلئے وفاقی کابینہ کی منظوری ضروری نہیں۔ اسی نوعیت کی درخواست دو رکنی بنچ کے روبرو زیر سماعت ہے۔
عدالت نے نیب کے وکیل کی نشاندہی پر درخواست چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو بھجوا دی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News