
قومی اسمبلی کا اجلاس ملتوی کرنے کے معاملے پر سیکرٹریٹ کی جانب سے اعتراضات اٹھادیئے گئے ہیں۔
اس حوالے سے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کا کہنا ہے کہ قاسم سوری اپنے خلاف عدم اعتماد سے بچنے کےلئے موجودہ اجلاس طویل کررہے ہیں جبکہ عدم اعتماد کی تحریک کےلیے نیا اجلاس بلانا ضروری ہے۔
سیکرٹریٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی 16 اپریل کا اجلاس ملتوی کرنے کی مخالفت کی گئی تھی جس کے باوجود قائم مقام اسپیکر قاسم سوری نے اجلاس ملتوی کردیا۔
اس حوالے سے اسمبلی سیکرٹریٹ نے مؤقف پیش کیا ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی کے انتخاب کے لئے مراسلے اراکین کو جاچکے ہیں جبکہ ڈپٹی اسپیکر اپنے خلاف تحریک عدم اعتماد کو لٹکانے کے لئے بھی اجلاس کو بار بار مؤخر کررہے ہیں۔
اس معاملے پر ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کا کہنا ہے کہ اجلاس ملتوی کرنا قواعد و ضوابط کے مطابق میرا اختیار ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ وہ پی ٹی آئی اراکین کے استعفے منظور کر کے ہی جائنگے جس کے لئے اراکین کو فرداً فرداً بلا کر استعفے کی تصدیق کی جائیگی اور پھر انہیں منظور کیا جائیگا جس کی وجہ سے قومی اسمبلی کا اجلاس مؤخر کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ اسمبلی سیکرٹریٹ نے انفرادی تصدیق کے بغیر کسی بھی رکن کا استعفیٰ ایلیکشن کمیشن کو بھجوانے سے انکار کردیا تھا تاہم اب قاسم سوری 22 اپریل تک تمام استعفے منظور کرنا چاہتے ہیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News