
اپوزیشن کے ہر غیرآئینی اقدام کا مقابلہ کرنے کیلئے پہلے سے زیادہ پرعزم ہیں، پرویزالہیٰ
وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت اقتدار کے لالچ میں بدترین انتقامی کارروائیاں کررہی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی اور ایم این اے حسین الٰہی نے زمان پارک میںچیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کی۔ جس میں سیاسی صورتحال اور اعتماد کے ووٹ کے حوالے سے مشاورت کی گئی۔
اس موقع پر سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کی فیملی ممبران کو نو فلائی لسٹ میں شامل کرنے کے اقدام کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت سیاسی انتقام میں اندھی ہو چکی ہے اور امپورٹڈ حکومت نے آئین و قانون کی دھجیاں اڑا دی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں؛ عوام کی بہتری کیلئے عمران خان ہر خطرہ مول لے رہا ہے، وزیراعلیٰ پنجاب
عمران خان نے کہا کہ پنجاب میں وفاقی حکومت کی شب خون مارنے کی سازش ناکام ہو گی، پی ٹی آئی اور ق لیگ کے اراکین اسمبلی متحد ہیں اور وفاقی وزراء کو منہ کی کھانا پڑے گی-
چوہدری پرویز الہیٰ کا کہنا تھا کہ سیاست میں کبھی انتقامی کارروائی کی اور نہ یقین رکھتے ہیں، چاہیے فرحان خان پر تشدد کی بات ہو یا بندے اٹھانے کی بات ہو، شہبازشریف اور رانا ثناء اللہ کی ہر سازش ناکام ہو گی، انشاءاللہ۔ ناکامیاں شہباز شریف اور رانا ثناء اللہ کا مقدر بن چکی ہیں۔
بعد ازاں وزیراعلیٰ پنجاب نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت اقتدار کے لالچ میں بدترین انتقامی کارروائیاں کر رہی ہے، سیاست عبادت ہے لیکن بدقسمتی سے کچھ عناصر نے سیاست کو بیوپار بنا لیا ہے تاہم قوم دیکھ رہی ہے کہ کس طرح ضمیروں کے سودے کئے جا رہے ہیں۔
پرویز الہیٰ نے کہا کہ اپوزیشن کے ہر غیر آئینی اقدام کا مقابلہ کرنے کیلئے پہلے سے زیادہ پرعزم ہیں، ن لیگ انتشار کا ایجنڈا لے کر چل رہی ہے، ہم عوامی خدمت کے ایجنڈے کو آگے بڑھا رہے ہیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News