اسلام آباد کی مقامی عدالت نے سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف فردِ جرم کی کارروائی 28 فروری تک مؤخر کردی۔
تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں توشہ خانہ ریفرنس سے متعلق عمران خان کے خلاف فوجداری کارروائی کے کیس کی سماعت ہوئی۔
عمران خان کے وکیل گوہرعلی خان اور الیکشن کمیشن کے وکیل سعد حسن عدالت میں پیش ہوئے۔ کیس کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے کی۔
وکیل گوہرعلی خان نے مؤقف پیش کیا کہ 28 فروری کو عمران خان کا ایکس رے ہوجائے گا، 9 سے 21 تاریخ تک عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں آرہی ہیں۔ عمران خان کا مسئلہ تھا اسلام آباد آنے کا۔
ایڈیشنل جج ظفراقبال نے ریمارکس دیے کہ ایسے رہا تو ٹرائل لمبا ہوتا چلا جائےگا۔
عمران خان کی جانب سے اُن کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائرکی گئی جس پرالیکشن کمیشن کے وکیل نے عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پر اعتراض اٹھایا۔
وکیل سعد حسن نے کہا کہ عمران خان کل لاہور ہائی کورٹ اپنے پاؤں پر کھڑے ہو کر گئے جس پرجج نے ریمارکس دیے کہ عمران خان کا پمز سے طبی رپورٹ بنا لیتے ہیں۔ عمران خان کا ایم ایل سی دکھا دیں تاکہ انجری کی نوعیت دیکھ لیں۔
الیکشن کمیشن کے وکیل نےعمران خان کا پمزسے طبی معائنہ کروانے کی استدعا کی اورکیس سے متعلق تصدیق شدہ کاپیاں عدالت میں جمع کروا دیں۔
ایڈیشنل جج نے ریمارکس دیے کہ عمران خان کو آج بھی ذاتی حیثیت میں عدالت نے طلب کر رکھا تھا، ہر تاریخ پر حاضری سے استثنیٰ عمران خان کو دی جاری ہیں۔
وکیل گوہرعلی خان نے کہا کہ عمران خان زمان پارک سے لاہورہائی کورٹ گئے، سیکیورٹی کی وجہ سے وقت لگا۔ اسلام آباد کچہری میں پیشی تھوڑی مشکل ہے جس پر جج نے حیرانی کا اظہار کیا اور کہا کہ عمران خان کے 28 فروری کو ابھی ایکس رے ہونے ہیں؟
وکیل عمران خان نے جواب دیا کہ عمران خان کو ڈاکٹروں نے آرام کا مشورہ دیا ہے۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ وزیرآباد میں جو واقعہ ہوا اس کا ایم ایل سی بھی ہوگا کوئی نہ کوئی، وہی دے دیں جس پر ایڈووکیت گوہرعلی خان نے کہا کہ کیس کی کاپیاں وکلا صفائی کو دی جائیں۔
ایڈیشنل جج نے ریمارکس دیے کہ عمران خان کواسی لیے آج عدالت طلب کیا تھا، کاپیاں ملزم کی موجودگی میں ہی دی جا سکتی ہیں۔ میڈیکو لیگو سرٹیفکیٹ کے بغیر کس طرح اندازہ لگا سکتے ہیں کو عمران کی حالت کیسی ہے۔ کیوں نہ عمران خان کا پمز اسپتال سے میڈیکل کروا لیں۔
عدالت نے الیکشن کمیشن کو عمران خان کے وکلا کو کاپیاں فراہم کرنے کی ہدایت کی جس پروکیل الیکشن کمیشن نے کہا کہ عمران خان کی حاضری اگلی سماعت پر یقینی بنالیں، آج استثنٰی پر اعتراض نہیں کریں گے۔
ایڈشنل جج ظفراقبال نے حکم دیا کہ 28 فروری کی تاریخ دے دیتےہیں، ان کی حاضری یقینی بنائیں، عدالت نے کیس کی سماعت 28 فروری تک ملتوی کردی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
