
شہر قائد کی ملیر جیل سے 216 قیدیوں کے فرار کے معاملے پر تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
تفتیشی ذرائع کے مطابق، چند شرپسند قیدیوں نے جیل سیکیورٹی اہلکاروں سے اسلحہ چھین لیا تھا، جس کے بعد انہوں نے جیل کی سیکیورٹی سے ایس ایم جی چھین کر فائرنگ کی اور فرار ہوگئے۔
ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ فرار ہونے والے 216 قیدیوں میں سے 105 قیدیوں کو دوبارہ ملیر جیل واپس پہنچا دیا گیا ہے، تاہم جیل سیکیورٹی سے چھینی گئی دو ایس ایم جی کی بندوقیں ابھی تک غائب ہیں، جس کا سراغ نہیں لگایا جا سکا۔
تفتیشی ذرائع نے بتایا کہ یہ بھی تاحال واضح نہیں ہو سکا کہ کون سے قیدیوں نے اسلحہ چھینا اور وہ کس سمت میں فرار ہوئے۔ تاہم، کئی قیدیوں کو ان کے اہل خانہ نے خود دوبارہ جیل واپس پہنچایا، جنہیں جیل انتظامیہ نے رعایت دینے کا عندیہ دیا ہے۔
مزید پڑھیں: کراچی: ملیر جیل سے 150 سے زائد قیدی فرار؛ 60 دوبارہ گرفتار، مفروروں کی تلاش جاری
اس کے علاوہ، تفتیشی ٹیم نے ملیر جیل سے شواہد جمع کرنا شروع کر دیے ہیں تاکہ اس واقعے کی مزید تحقیقات کی جا سکیں۔
جیل حکام نے اس بات کی تصدیق کی کہ فرار ہونے والے قیدیوں کی گرفتاری کے لیے گھروں پر چھاپے مارے گئے ہیں اور جیل میں قیدیوں سے ملاقات پر عائد پابندی بھی اٹھا لی گئی ہے۔
ڈسٹرکٹ جیل ملیر کی سیکیورٹی کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے اور مرکزی گیٹ پر ایف سی کے ساتھ رینجرز کو بھی تعینات کر دیا گیا ہے تاکہ مزید قیدیوں کے فرار کو روکا جا سکے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جیل کی نئی انتظامیہ ابھی تک اپنی ذمہ داریاں نہیں سنبھال سکی ہے، جس کے باعث سیکیورٹی کے معاملات میں کمی محسوس کی گئی۔
جیل انتظامیہ نے کہا کہ فرار ہونے والے قیدیوں کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News