
کینییڈا میں ہوئی ایک نئی طبی تحقیق میں ماہرین نے فضائی آلودگی کو دل کی صحت کے لیے خطرناک قرار دے دیا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ فضائی آلودگی ہمارے پھیپھڑوں اور نظام تنفس کو ہی نقصان نہیں پہنچاتی بلکہ اس سے دل کو بھی نقصان پہنچ سکتا ہے، تحقیق کے یہ نتائج جرنل ریڈیولوجی نامی طبی جریدے میں شائع ہوئے ہیں۔
مزید پڑھیں: قلب دوست غذائیں، جو دل کی صحت کو بہتر بنائیں
کینیڈا کی ٹورنٹو یونیورسٹی کی تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ طویل المعیاد بنیادوں پر فضائی آلودگی کی زد میں رہنے سے دل کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
خیال رہے کہ امراض قلب بشمول ہارٹ اٹیک اور فالج دنیا بھر میں اموات کی سب سے بڑی وجہ ہیں۔
اس سے قبل ایسے شواہد تو سامنے آئے تھے جن سے فضائی آلودگی اور امراض قلب کے درمیان تعلق کا عندیہ ملا تھا مگر اس کی وجہ واضح نہیں ہوئی تھی۔
مزید پڑھیں: کافی یا سبز چائے، دل کی صحت اور ہائی بلڈ پریشر کے لیے کون سا مشروب بہتر ہے؟
اس نئی تحقیق میں 493 مریضوں اور 201 صحت مند افراد میں کارڈک ایم آر آئی کو استعمال کیا گیا تاکہ فضائی آلودگی کے ننھے ذرات سے دل پر مرتب اثرات کی جانچ پڑتال کی جاسکے۔
نتائج سے معلوم ہوا زیادہ لمبے عرصے تک فضائی آلودگی کی زد میں رہنے سے لوگوں کے دلوں کو نقصان پہنچنے لگتا ہے اور اس کے لیے خون پمپ کرنا مشکل ہونے لگتا ہے۔
محققین کے مطابق ممکنہ طور پر یہی وجہ ہے کہ فضائی آلودگی کے باعث لوگوں کو دل کے مختلف مسائل کا سامنا ہوسکتا ہے، خاص طور پر خواتین، تمباکو نوشی کرنے والے اور ہائی بلڈ پریشر کے شکار افراد میں یہ خطرہ زیادہ ہوتا ہے۔
مزید پڑھیں: یہ عام سی سرگرمیاں آپ کے دل کی صحت کو بہتر بنا سکتی ہیں
محققین نے بتایا کہ نتائج سے ان شواہد کو تقویت ملتی ہے جن کے مطابق فضائی آلودگی امراض قلب کا خطرہ بڑھانے والے عناصر میں سے ایک ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ درحقیقت فضائی آلودگی میں معتدل اضافے سے بھی دل پر نمایاں منفی اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔ فضائی معیار دل کی ساخت میں تبدیلیوں میں نمایاں کردار ادا کرسکتا ہے۔
محققین کے مطابق فضائی آلودگی میں زیادہ طویل عرصے تک رہنے والے افراد کو اپنے دل کا معائنہ کراتے رہنا چاہیے اور اہم بات یہ ہے کینیڈا میں فضائی آلودگی کی شرح دیگر متعدد ممالک کے مقابلے میں کافی کم ہے، جس سے یہ واضح ہوتا ہے کہ معمولی آلودہ فضا بھی محفوظ نہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے عوامی سطح پر اقدامات کیے جانے کی ضرورت ہے تاکہ لوگوں کو امراض قلب سے محفوظ رکھا جاسکے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News