
وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ اجلاس سے خطاب میں اعلان کیا ہے کہ اب سے ہر دو ماہ بعد وزارتوں کی کارکردگی کا باقاعدہ جائزہ لیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ جو وزارتیں بہترین کارکردگی دکھائیں گی انہیں سراہا جائے گا، جبکہ غفلت یا کوتاہی کی صورت میں تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جہاں کہیں کمی یا خامی نظر آئی، وہاں بہتری لانے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔
مزید پڑھیں: بھارت 24 کروڑ عوام کا پانی روکنا چاہتا ہے، جو کبھی نہیں ہوگا: وزیراعظم شہباز شریف
انہوں نے کہا کہ حکومت کی اجتماعی کاوشیں معاشی میدان میں بھی مثبت اثر ڈال رہی ہیں، جس کا ثبوت پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا انڈیکس تاریخی بلندی پر پہنچنا ہے۔ ان کے مطابق اسٹاک مارکیٹ میں تیزی سرمایہ کاروں کے اعتماد کی علامت ہے۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ بارشوں کے باعث مختلف حادثات میں قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا ہے، جس پر دکھ اور افسوس ہے۔ خاص طور پر سوات میں پیش آیا واقعہ دلخراش تھا، اور ہمیں ایسے سانحات سے بچنے کے لیے سبق سیکھنے کی ضرورت ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ مستقبل میں اس طرح کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مؤثر اقدامات اور تیاری ناگزیر ہے۔
مزید پڑھیں: وزیراعظم شہباز شریف کا ترسیلات زر میں نمایاں اضافے پر اظہارِ اطمینان
وزیراعظم نے بتایا کہ بارشوں کے بعد چاروں صوبوں کے ساتھ ایک مشترکہ میٹنگ بلائی جائے گی تاکہ قدرتی آفات سے نمٹنے کی منصوبہ بندی پر بات کی جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ حال ہی میں این ڈی ایم اے حکام کے ساتھ اجلاس ہوا ہے اور تمام انتظامی اداروں کو متحرک رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
انہوں نے محرم الحرام کے دوران امن و امان قائم رکھنے پر وفاقی وزیر داخلہ، صوبائی حکومتوں اور آزاد کشمیر انتظامیہ کو سراہتے ہوئے کہا کہ جلوسوں اور مجالس کا پُرامن انعقاد ریاستی اداروں کی بہتر کوآرڈینیشن کا مظہر ہے۔
وزیراعظم نے واضح کیا کہ حکومت ملک میں استحکام، ترقی اور نظم و نسق کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News