آسٹریلیا اور جنوبی کوریا نے 71 کروڑ ڈالر سے زائد مالیت کے دفاعی معاہدے پر دستخط کردیئے ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جنوبی کوریا کے صدر مون جائے اِن کے دورہ آسٹریلیا کے موقع پر دونوں ملکوں کے درمیان دفاعی معاہدے پر دستخط ہوئے ہیں۔
71 کروڑ ڈالر سے زائد مالیت کے اس دفاعی معاہدے کے تحت جنوبی کوریا کی اسلحہ ساز کمپنی آسٹریلیا کو ہلکے ہتھیار، رسد مہیا کرنے والی گاڑیاں اور راڈار فراہم کرے گی۔
متعلقہ خبر: آسٹریلیا کا چین میں سرمائی اولمپکس کا سفارتی بائیکاٹ
یہ معاہدہ ایسے وقت ہوا ہے جب دونوں ملکوں کے باہمی سفارتی تعلقات کو 60 برس مکمل ہوگئے ہیں۔ یہ معاہدہ آسٹریلیا اور کسی ایشین ملک کے درمیان اب تک کا سب سے بڑا دفاعی معاہدہ ہے۔
معاہدے پر دستخط کے بعد پریس بریفنگ کے دوران آسٹریلیا کے وزیر اعظم اسکاٹ موریسن نے کہا کہ جنوبی کوریا سے طے پائے گئے معاہدے کا حجم یہ ثابت کرتا ہے کہ وہ کتنی بڑی صلاحیت کا حامل ملک ہے۔
متعلقہ خبر: سفارتی بائیکاٹ پر چین کی دھمکی
آسٹریلیا اور جنوبی کوریا کے درمیان دفاعی معاہدہ ایسے وقت ہوا ہے جب آسٹریلیا اور چین کے تعلقات خراب ہیں، آسٹریلیا نے حال ہی میں امریکا اور برطانیہ کے ساتھ مل کر جوہری آبدوز کی تیاری کے معاہدے پر دستخط کئے ہیں، جس پر چین نے شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
دوسری جانب آسٹریلیا نے امریکا ہی کے نقش قدم پر چین میں سرمائی اولمپکس کے سفارتی بائیاکٹ کا بھی اعلان کررکھا ہے۔

















