آزاد کشمیر کے نومنتخب وزیراعظم وزیراعظم راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے اپنے عہدے کا حلف اٹھالیا۔
حلف برداری کی تقریب ایوان صدر میں ہوئی، اسپیکر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر نومنتخب وزیراعظم راجہ فیصل ممتاز راٹھور سے حلف لیا۔
حلف برداری کی تقریب میں گورنر گلگت بلتستان، گورنر خیبرپختونخوا، فریال تالپور، ارکان اسمبلی سمیت اعلیٰ سول قیادت اور عسکری حکام شریک ہوئے۔
چیف سیکرٹری آزاد کشمیر نے نومنتخب وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور کا نوٹیفکیشن پڑھ کر سنایا۔
نومنتخب وزیر اعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے حلف اٹھانے کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں جس نے یہ ذمہ داری سونپی، یہ ذمہ داری نبھانا آسان نہیں۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کی آزاد جموں و کشمیر کے نو منتحب وزیراعظم سے ٹیلیفون پر رابطہ
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت، آصف علی زرداری، فریال تالپور کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں۔
فیصل ممتاز راٹھور کا کہنا تھا کہ یہ خطہ تحریک آزادی کا بیس کیمپ ہے، اس خطہ کی تعمیر و ترقی میری اولین ترجیح ہے۔
نومنتخب وزیر اعظم نے مزید کہا کہ شہداء اور غازیوں کو سلام جن کی بدولت آج ہم سکھ کا سانس لے رہے ہیں، پیپلز پارٹی عوامی حکومت ہے، گڈ گورننس، میری ترجیح اول ہے، ریاست کے مسائل میرے لیے بہت بڑا چیلنج ہے، احتساب کا عمل ہر حال میں ہو گا۔
















