
وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ ، غربت کا خاتمہ و چیئرپرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا ہےکہ حکومت قومی گریجویشن حکمت عملی کے تحت ہرماہ 80 ہزار افراد کو بلاسود قرضے تقسیم فراہم کرے گی۔
اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہاکہ احساس پروگرام کے فریم ورک کے تحت غربت کے خاتمے اور سماجی تحفظ کا جو پروگرام شروع کیا گیا ہے ،بلا سود قرضے ، ہنر مندی کی تعلیم اور اثاثوں کی منتقلی اس پروگرام کے تین بڑے پہلو ہیں۔
انہوں نے کہا کہ رورل سپورٹ پروگرام اور اخوت سمیت دیگر حکومتی ادارے اور 22 سے زائد این جی اوز بھی احساس پروگرام کا حصہ ہیں ،منصوبے سے 4 سال میں ایک کروڑ61 لاکھ افراد مستفید ہوں گے ۔
ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے مزید کہا کہ 4 سال کے دوران مجموعی طور پر 42.65 ارب روپے سے معاشرے کے غریب طبقات کی فلاح وبہبود کے اقدامات کئے جائیں گے ، ہر ماہ 80 ہزار افراد کو بلا سود قرضے فراہم کرنے کے علاوہ لاکھوں افراد کو نیوٹیک کے ذریعے ہنر مندی کی تربیت دی جائے گی ،فریم ورک کے تحت ہر ماہ ایک نیا پروگرام لائیں گے جو سماجی تحفظ کے ایک جامع منصوبے کا حصہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ نیشنل پاورٹی گریجویشن حکمت عملی کے اجراء کے موقع پر گزشتہ روز ملک بھر کے 82 ہزار افراد میں تین ارب روپے سے زائد مالیت کے بلاسود قرضے دئیے گئے ہیں ۔ ان بلاسود قرضوں سے غریب افراد کی زندگیوں میں انقلاب آئے گا ۔
ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے یقین دلایا کہ غربت کے خاتمے کے پروگرام پرمکمل شفافیت کے ساتھ عملدرآمد کیاجائے گا ۔
معاون خصوصی نے کہاکہ موجودہ حکومت کو معاشرے کے محروم طبقوں کا خیال ہے اوراس نے بے گھر افراد کیلئے پناہ گاہیں بھی قائم کی ہیں انہوں نے کہاکہ مشکل معاشی صورتحال کے باوجود غربت کے خاتمے کا بجٹ دگنا کیاگیاہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News