
لاہورکی احتساب عدالت نےسابق وزیرریلوےخواجہ سعد رفیق اورسابق صوبائی وزیرخواجہ سلمان رفیق کے جوڈیشل ریمانڈ میں 5 روز مزید توسیع کرتے ہوئےریفرنس کی سماعت 16 جولائی تک ملتوی کردی۔
تفصیلات کےمطابق احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نےپیراگون سٹی اسکینڈل میں گرفتارخواجہ برادران کےخلاف ریفرنس کی سماعت کی ۔جس کے دوران عدالت نےملزم ندیم ضیاء،عمر ضیاء اور فرحان علی کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کرنے کا حکم دے دیا۔
احتساب عدالت میں خواجہ برادران کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ ختم ہونے پرپیش کیاگیاتھا۔ اس دوران ملزم ندیم ضیاء کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کی رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی۔
تعمیل کنندہ کی جانب سےعدالت کوآگاہ کیاگیا کہ وارنٹ گرفتاری پر ملزم کے گھر گئے مگرگھر کے سکیورٹی گارڈ محمد افضل نے بتایا کہ ملزم 14 ماہ سے بیرون ملک میں رہتا ہے،ملزم جان بوجھ کر نامعلوم مقام پرروپوش ہے اس لئے عدالتی حکم کی تعمیل مکمل نہیں ہو سکی۔
تعمیل کنندہ کاکہناتھاکہ ملزم عمر ضیاء کے وارنٹ گرفتاری پرعملدرآمد نہیں ہوسکا،ملزم کے گھر گیا تھا جہاں نئے مالک مکان محمد طاہرنے رجسٹری پیش کرتے ہوئے بتایا کہ ملزم عمر ضیاء اپنا گھر7 فروری 2019 کو فروخت کر چکا ہے اورگرفتاری سے بچنے کیلئے جان بوجھ کر نامعلوم مقام پر روپوش ہو چکا ہے۔
تعمیل کنندہ کےمطابق ملزم فرحان علی بھی اپنا علامہ اقبال ٹاون والا مکان آٹھ سال پہلے فروخت کر چکا ہے اور نامعلوم مقام پرروپوش ہوچکا ہے۔
تفتیشی افسر کی جانب سے تینوں ملزمان کی تفتیشی رپورٹ بھی عدالت میں جمع کروا دی گئی۔ جس میں عدالت کوآگاہ کیاگیا کہ شناختی کارڈ والے ایڈریس پرملزمان موجود نہیں ہیں اورانکےنئے ایڈریس کا علم نہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ ملزم ندیم ضیاء، عمر ضیاء اور فرحان علی دوران تفتیش بھی طلبی کے باوجود پیش نہیں ہوئے۔
عدالت کی جانب سے تینون ملزمان کو اشتہاری قراردینے کی کارروائی شروع کردی گئی۔
عدالتی حکم پر ملزم خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق کو ریفرنس کی کاپیاں فراہم نہ کی جا سکیں جس کے بعد عدالتی کارروائی 16 جولائی تک ملتوی کردی گئی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News