
سپریم کورٹ کے جج جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے اپنے خلاف صدارتی ریفرنس کی سماعت کے لیےسپریم کورٹ میں ایک نئی درخواست دائر کردی۔
تفصیلات کے مطابق جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی جانب سے پیر کے روز سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی گئی جس میں تمام زیر التوا درخواستیں سننے کی استدعا کی گئی ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ ان کے خلاف ریفرنس کی سماعت کے لیے سپریم جوڈیشل کونسل کے بجائے فل کورٹ تشکیل دیا جائے۔
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے درخواست میں مؤقف اپنایا ہےکہ چیئرمین سپریم جوڈیشل کونسل اور ممبران صدر کا دائر ریفرنس سننے کے مجاز نہیں ہیں۔
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے اپنی درخواست میں کہا ہے کہ ان کی درخواست کی سماعت کرنے والے بینچ میں سپریم کورٹ کے تمام اہل اور قابل ججز کو شامل کیا جائے۔
واضح رہے کہ چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں سپریم جوڈیشل کونسل نے 19 اگست کو جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف ایک ریفرنس خارج کر دیا تھا جو ان کے خلاف صدر مملکت کو خطوط لکھنے سے متعلق تھا۔
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف انکم ٹیکس گوشواروں میں بیرون ممالک جائیداد کو ظاہر نہ کرنے سے متعلق صدارتی ریفرنس دائر کیا گیا تھا اوراُنھوں نےاس ریفرنس کی کاپی حاصل کرنے کے لیے صدر مملکت کو خطوط لکھے تھے۔
اس سے پہلے بھی جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے اپنے خلاف دائر کیے گئے صدارتی ریفرنس کو چیلنج کر رکھا ہے۔
یاد رہےکہ سپریم جوڈیشل کونسل کے اہم رکن اور سپریم کورٹ کے سینئر جج عظمت سعید 27 اگست کو اپنے عہدے سے ریٹائر ہو رہے ہیں اور ان کی جگہ مشیر عالم سپریم جوڈیشل کونسل کا حصہ ہوں گے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News