
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے بیان میں کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیرمیں نسل کشی کا کھیل کھیلنے والا ہے،روس کشمیرکی صورت حال سے پوری طرح واقف ہے، روس نے اسی وجہ سے اجلاس کی مخالفت نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔
وزیرخارجہ نے کہا کہ مسئلے کا حل کا مناسب فورم سلامتی کونسل ہے جہاں ہم گئے ہیں، مذاکرات کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ مودی ہیں۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہمارا راستہ امن کا راستہ ہے کبھی جنگ کو ترجیح نہیں دی، ہماری افواج نے بہت قربانیاں دی ہیں، قیادت اورعوام ساتھ ہوں تو فوج لڑتی ہے، اس وقت پوری قوم فوج کے شانہ بشانہ ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیرمیں نسل کشی کا کھیل کھیلنے والا ہے، مودی کی سوچ خطے کےامن کے لیے ایک خطرہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ اوآئی سی سے کہنا ہے کہ انہیں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے، مسلمان سمجھتے ہیں کہ او آئی سی کو خاموش نہیں رہنا چاہیے۔
وزیرخارجہ نے کہا کہ اگرہم پرکوئی جنگ مسلط کرتا ہے تو ہمیں دفاع کا حق حاصل ہے، ہمیں نیک نیتی سے اپنا مقدمہ سلامتی کونسل میں پیش کرنا اور لڑنا ہے۔
شاہ محمود قریشی نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ روس مسئلہ کشمیر پر ثالثی کے لیے تیار ہے۔
واضح رہے کہ بھارت کی جانب سے 5 اگست کو مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت سے متعلق آرٹیکل 370 ختم کیے جانے اور مقبوضہ وادی میں کرفیو کے بعد پیدا ہونے کشیدہ صورت حال پر پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس بلانے کے لیے خط لکھا تھا۔
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدر جوانا رونیکا نے کہا کہ قوی امکان ہے کہ مقبوضہ کشمیر کا مسئلہ سلامتی کونسل میں بند دروازے کے پیچھے 16 اگست کو زیر بحث آئے۔
بھارت نے سلامتی کونسل کا اجلاس بلائے جانے سے روکنے کے لیے ہر ممکن کوشش کی مگر ناکام رہا۔
واضح رہے کہ پچاس سال میں یہ پہلا موقع ہے کہ سلامتی کونسل کشمیر کے معاملے پر اجلاس منعقد کر رہی ہے جو عالمی سطح پر بھارت کی بڑی شکست ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News