
عمان کی مسلح افواج کے سربراہ نے نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا اور سربراہ پاک بحریہ سے ملاقات کی ۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق نیول ہیڈکوارٹرز آمد پر پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے معززمہمان کا استقبال کیا۔
معززمہمان کو روایتی انداز میں گارڈ آ ف آنر پیش کیا گیا ۔ترجمان پاک بحریہ کے مطابق معزز مہمان نے نیول ہیڈکوارٹرز میں یادگار شہداءپر پھولوں کی چادر چڑھائی اور پرنسپل سٹاف آفیسرز سے مصافحہ کیا۔
عمان کی مسلح افواج کے چیف آف سٹاف نے پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی سے ملاقات کی،ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سکیورٹی اور دو طرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق نیول چیف نے خطے کی بحری سکیورٹی میں پاکستان بحریہ کے کردار پر روشنی ڈالی۔
عمان کی مسلح افواج کے چیف آف سٹاف نے پاکستان اور عمان بحریہ کے مظبوط تعلقات کو سراہا اور مستقبل میں انہیں مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا ۔
یاد رہے کہ دو روز قبل عمان کی مسلح افواج کے سربراہ نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے بھی ملاقات کی تھی جس میں دو طرفہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور پاک عمان دو طرفہ دفاعی تعلقات پر بھی با ت چیت کی گئی تھی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر نے بتایا تھا کہ سلطنت آف عمان کے چیف آف اسٹاف کا کہنا تھا کہ پاکستان کی افواج نے دہشتگردی کی جنگ میں بہت اہم کردار ادا کیا ہے ، پاک فوج کی کوششوں سے خطے میں استحکام ہے ۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News