پی ٹی آئی حکومت نواز شریف کی بیماری پر سیاست کر رہی ہے، احسن اقبال

سابق وزیرداخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت نواز شریف کی سنگین بیماری پر سیاست کر رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیر داخلہ احسن اقبال نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ عمران کی سیاست صرف نفرت اور انا پرستی پہ مبنی ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان نے بھارتی پائیلٹ ابھینندن کو بھارتی وزیر اعظم کی خوشامد کے لئے کھڑے پیر جانے دیا مگر پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے والے وزیر اعظم نواز شریف کو لاحق جان لیوا مرض کے علاج کے لئے باہر جانے کے راستے میں غیر قانونی روکاوٹیں کھڑی کی جا رہی تھی۔
احسن اقبال نے یہ بھی کہا کہ نواز شریف کی صحت کو لاحق خطرات کے باوجود ای سی ایل سے نام نکالنے کے لیے غیر قانونی شرط رکھی گئی، عدلیہ نے اس صورتحال میں معاملے کو سمجھا ہے۔
ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ حکومت نے ایک غیر قانونی شرط عائد کی ہے، حکومت نے آج جو موقف اپنایا اس سے ثابت ہوا وہ اس معاملے پر سیاست کھیلنا چاہتی ہے۔
سابق وزیر داخلہ احسن اقبال کا مزید کہنا تھا کہ حکومت نے ایک سال کے اندر پالیسی ریٹ دوگنا بڑھا دیا جس سے قرضوں کا بوجھ پاکستان پر دوگنا زیادہ ہو گیا۔ یہ موجودہ حکومت کے غلط اقدامات ہیں جس کی سزا پاکستان کی معیشت کو مل رہی ہے۔
یاد رہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کا نام ای سی ایل سےنکالنے کی درخواست قابل سماعت قرار دے دی۔
لاہور ہائی کورٹ میں جج جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے نواز شریف کا نام غیرمشروط طورپرای سی ایل سے نکالنے کیلئے درخواست پر کیس کی سماعت ہوئی تھی۔
عدالت نے دائرہ کار سے متعلق وفاقی حکومت کے موقف کو مسترد کرتے ہوئے دائر درخواست قابل سماعت قرار دے کر فریقین کو کل طلب کرلیا ہے۔
اس سے قبل وفاقی حکومت اور قومی احتساب بیورو (نیب) نے اپنے تحریری جواب میں عدالتی دائرہ اختیار کو چیلنج کیا تھا، جواب میں کہا گیا تھا کہ لاہور ہائیکورٹ کو درخواست کی سماعت کا اختیار نہیں ہے لہذا درخواست کو ناقابل سماعت قرار دےکر مسترد کردیا جائے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News