
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پنجاب زرعی صوبہ ہے اور زرعی معیشت کا فروغ ہماری ترجیح ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدار ت اعلی سطح کا اجلاس ہوا ، جس میں گنے کی امدادی قیمت پرنظر ثانی کے لئے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں گنے کے کرشنگ سیزن کے آغاز اور کاشتکاروں کو ادائیگیوں کے لئے کئے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا گیا جبکہ وزیراعلیٰ کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا گیا کہ اس وقت 5لاکھ میٹرک ٹن چینی سٹاک میں موجود ہے، کرشنگ سیزن کے بعد تقریباً 35لاکھ میٹرک ٹن چینی کی پیداوار متوقع ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ گنے کے وزن میں کٹوتی کی ہر گز اجازت نہیں دی جائے گی اور وزن میں کٹوتی کی شکایت پر بلاتفریق ایکشن ہوگا۔
سردار عثمان بزدار نے یہ بھی کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت حقیقی معنوں میں کسان دوست حکومت ہے اور ہم کسی کو کسان کا حق نہیں مارنے دیں گے۔
اپنے بیان میں وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ حکومت گنے کے کاشتکارو ں کے مفادات کا تحفظ یقینی بنائے گی اور کاشتکاروں کو ان کی محنت کا پورا معاوضہ ملے گا۔
سردار عثمان بزدارکا یہ بھی کہنا تھا کہ گنے کے کاشتکاروں کے مفادات پر آنچ نہیں آنے دیں گے، کاشتکاروں کے حقوق کا پہلے بھی تحفظ کیا ہے، آئندہ بھی کریں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق زراعت کے فروغ اور کاشتکار کی آمدن میں اضافے کیلئے کوشاں ہے۔
اس موقع پر صوبائی وزراء میاں اسلم اقبال ، پیر سید سعید الحسن شاہ ، سمیع اللہ چودھری، نعمان لنگڑیال، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ ، سیکرٹریز خوراک، زراعت،خزانہ ، صنعت ، اطلاعات ،سپیشل مانیٹرنگ یونٹ کے سربراہ اورمتعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News