وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے امریکی قونصل جنرل رابرٹ سلبرسٹن سے وزیراعلیٰ ہاوس میں ملاقات کی ۔
ملاقات کے دوران مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ان کی حکومت ونڈ اور سولر پاور پروجیکٹس کی تنصیب کے ذریعے صاف انرجی کی پیداوار کے لیے سخت محنت کررہی ہے ۔
سندھ حکومت نے تھر میں کوئلے سے چلنے والے پاور پلانٹ لگا کر ایک بہت بڑی کامیابی حاصل کی ہے جوکہ اس ملک میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے اور اس منصوبے سے نہ صرف یہ کہ مقامی طورپر روزگار کے مواقع پیدا ہوئے بلکہ تھر کے صحرا میں معیار زندگی میں بھی بڑے پیمانے پر تبدیلیاں آئیں جہاں پر خواتین کو بااختیار بنایا گیا ۔
وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ ملک کو توانا ئی کے بحران کا سامنا ہے اور حکومت کے پاس صرف اور صرف تھر کے کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کا ہی حل ہے یہ سفر شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے اپنے بطور وزیر اعظم کے دور میں شروع کیا اور ایک طویل جدوجہد اور کوششوں کے بعد بلآخر ہم نے اسے حاصل کیا اور اس کی بدولت ہم ملک کو لوڈشیڈنگ کے اندھیروں سے پاک کردیں گے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ پروجیکٹ ڈیولپمنٹ ایک بہت بڑا اور مشکل ٹاسک جوکہ وہاں کے آبائی علاقوں کی زمینوں پر قائم کیے گئے منصوبوں کے باعث متاثر ہونے والے لوگوں کی بحالی کا ہے،اب آپ رہائشی کالونیاں جوکہ ہم نے متاثرہ لوگوں کے لیے بنائی ہیں کو دیکھیں وہاں پر لوگ ایک آرام دہ اور پُرسکون زندگی تمام تر جدید سہولیات کے ساتھ گزار رہے ہیں ہم نے انہیں خوبصورت گھر دیئے ہیں جس میں کوریڈور اور اگلو ٹائپ کمرے جنہیں مقامی طورپر ’’چھونرا‘‘ ، ایک مسجد ،ایک مندر ،خوبصورت اسکول، اسپتال، بجلی ، پانی کی فراہمی اور ان کے مویشیوں کے لیے باڑے وغیرہ فراہم کیے ہیں ۔
ملاقات کے لیے آئے سفارت کار نے کہا کہ انہوں نے علاقے کا دورہ کیاتھا اور وہ وہاں ہونے والے کاموں سے بہت متاثر ہوئے ہیں اور اس کا سہرا وزیراعلیٰ سندھ کو جاتاہے۔
رابرٹ سلبرسٹن نے وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا کہ کول پروجیکٹس، ونڈپروجیکٹ اور لوگوں کی بحالی کے لیے کئے جانے والے حکومتی کاموں سے وہ بہت زیادہ متاثرہوئے ہیں انہوں نے کہا کہ وہ صحرائی علاقوں میں ٹڈیوں کی موجودگی سے فکر مند ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ یہ بہت تشویشناک بات ہے لہٰذا ان کا فوری طورپر خاتمہ ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ مجھے چند ماہرین نے بتایا ہے کہ اگر ان کا اس سال خاتمہ نہیں کیاگیا تو یہ اگلے سال بھی تباہی مچائیں گے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ انہوں نے وفاقی حکومت کے ادارے پلانٹ پروٹیکشن کو صحرائی علاقوں میں فضائی اسپرے کے لیے 10 ملین روپے کی گرانٹ فراہم کی ہے۔
امریکن قونصل جنرل نے وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا کہ انہوں نے مٹھی میں این ای ڈی انجینئرنگ کالج کا دورہ کیاتھا انہوں نے صوبائی حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا اور کہا کہ یہ ایک چھوٹا ادارہ ہے۔
اس پر وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ وہ پہلے ہی یونیورسٹی کے لیے 300 ایکڑ زمین مختص کرچکے ہیں اور کہا کہ یہ ایک مکمل یونیورسٹی بنے گی۔امریکی قونصل جنرل نے وزیراعلیٰ سندھ کو یقین دلایا کہ امریکی حکومت صوبائی حکومت کو تھر میں اسٹیٹ آف آرٹ یونیورسٹی کے قیام کے حوالے سے تعاون کرے گی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے ان کے تعاون کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
