
وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان کی سیاسی قیادت وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے مطابق دو طرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لئے پرعزم ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے سری لنکا میں وفد کے ہمراہ وزیر اعظم سیکریٹیریٹ پہنچے جہاں ان کی ملاقات سری لنکا کے نئے وزیراعظم میہندا راجاپاکسا سے ہوئی۔
وفد میں ڈی جی جنوبی ایشیا اور وزارت خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر فیصل، سری لنکا میں تعینات قائم مقام پاکستانی ہائی کمشنر سمیت پاکستانی سفارتخانے کے اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔
دوران ملاقات دو طرفہ تعلقات، اقتصادی تعاون، خطے کی مجموعی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال جبکہ وزیر خارجہ نے وزیراعظم مہیندا راجا پاکسا کو ان کے بطور وزیر اعظم تقرری پر وزیر اعظم عمران خان اور پاکستانی عوام کی طرف سے دلی مبارکباد دی۔
اس موقع پر وزیر خارجہ نے سری لنکن وزیر اعظم مہیندا راجا پاکسا کی خدمت میں وزیر اعظم عمران خان کا خصوصی خط پیش کیا، خط میں وزیر اعظم عمران خان نے اپنے سری لنکن ہم منصب کو دورہ ء پاکستان کی دعوت دی ہے جبکہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے سری لنکن وزیر اعظم کو پاکستان کی طرف سے شروع کی گئی” معاشی سفارتکاری “کے خدوخال سے بھی آگاہ کیا۔
مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان کے وزیر اعظم اور سری لنکا کے ساتھ دو طرفہ دوستانہ تعلقات کی دہائیوں پر محیط ہیں اور آپ کے بطور صدر سری لنکا، گذشتہ ادوار میں پاکستان اور سری لنکا کے مابین دو طرفہ تعلقات کی نوعیت مثالی رہی۔
وزیر خارجہ نے یہ بھی کہا کہ وزیراعظم عمران خان آپ کے ساتھ ملکر کثیرالجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کے متمنی ہیں اور ہمیں پوری توقع ہے کہ آپ کی مقبول قیادت میں سری لنکا امن و استحکام اور خوشحالی کے رستے پر گامزن ہو گا۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ستمبر 2019 میں سری لنکن کرکٹ ٹیم کی پاکستان آمد سے، پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ دوبارہ بحال ہوئی اور ہم آئندہ ٹیسٹ سیریز میں شرکت کیلئے سری لنکن کرکٹ ٹیم کی پاکستان آمد کے منتظر ہیں۔
وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اور سری لنکا کے مابین کثیرالجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے کے متعدد مواقع موجود ہیں جن سے دونوں ممالک بھرپور استفادہ کر سکتے ہیں۔
اس موقع پر وزیر اعظم سری لنکا جناب مہیندا راجا پاکسا نے سری لنکا تشریف آوری پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کو خوش آمدید کہتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان کی طرف سے بھجوائے گئے خصوصی تہنیتی پیغام اور دورہ ء پاکستان کی دعوت پر وزیر اعظم عمران خان اور پاکستان کی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News