تعمیرات کے شعبے کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے، وزیراعظم
وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ تعمیرات کے شعبے کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور تعمیرات کےشعبےسےمنسلک40صنعتوں کو فروغ ملے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں تعمیرات کے شعبے کے فروغ،نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کے حوالے سے حکومتی منصوبے میں اب تک کی پیش رفت پر جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں چئیرمین نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی ، چیئرمین ایف بی آر، صوبائی چیف سیکرٹری صاحبان، صوبائی حکومتوں کے متعلقہ سینئر افسران و دیگر شریک ہوئے۔
وزیراعظم کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا گیا کہ تعمیرات کے شعبے کے فروغ کے لئے فیصلہ کیا گیا ہے، تعمیراتی مرحلے پر لاگو کیے جانے والے سیلز ٹیکس کو ختم کر دیا جائے گا۔
اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے یہ بھی کہا گیا کہ صوبہ پنجاب، خیبر پختونخوا اوربلوچستان میں اس فیصلے کے اطلاق کی منظوری دی جا رہی ہےجبکہ تعمیر شدہ گھر کی فروخت کے مرحلے پر فکس ٹیکس کے نفاذ پر تمام صوبائی حکومتوں میں اتفاق ہو چکا ہے اس لئے نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کے تحت بننے والے گھراس ٹیکس سے مستثنیٰ قرار دیے جائیں گے۔
وزیراعظم کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا گیا کہ تعمیرات کے شعبے میں ایز آف ڈوئنگ بزنس کے حوالے سے وزیرِ اعظم کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا گیا کہ تمام صوبائی حکومتوں کی جانب سے آن لائن ڈیجیٹل پورٹل کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے اور اس کے اجراء کے سلسلے میں بھی خاطر خواہ پیش رفت کی جا چکی ہے جبکہ اس اقدام سے تعمیرات سے متعلقہ تمام سرکاری محکموں کو منسلک کیا جا رہا ہے تا کہ کاروباری برادری کواجازت ناموں و دیگر ضروریات پورا کرنے کے حوالے سے مختلف دفاتر کے چکر لگانے کی زحمت سے بچایا جا سکے۔
وزیراعظم کو بریفنگ دیتے ہوئے مزید کہا گیا کہ تمام صوبائی حکومتوں کی جانب سے تعمیرات کے شعبے سے متعلقہ اجازت ناموں اور این او سیز کو ممکنہ حد تک کم کیا جا رہا ہے جس کے ذریعہ تعمیرات کے شعبے سے وابستہ عمل کو آسان ترین بنایا جائے گا۔
اس موقع پر بڑے شہروں میں کثیر المنزلہ عمارات کی تعمیر کے حوالے سے ہوا بازی ڈویژن سے این او سی لینے کی شرط کے خاتمے کے حکومتی فیصلے پر عمل درآمد میں ہونے والی پیش رفت سے بھی وزیرِ اعظم کو آگاہ کیا گیا ۔
وزیرِ اعظم نے تعمیرات کے شعبے کے فروغ کے لئے اٹھائے جانے والے عملی اقدامات کی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تعمیرات کے شعبے کے فروغ سے جہاں اس شعبے سے منسلک چالیس کے قریب بڑی صنعتوں کو فروغ ملے گاجبکہ معاشی عمل تیز ہوگا اور نوجوانوں اور ہنر مندوں کو نوکریوں اور روزگار کے مواقع میسر آئیں گے ۔
وزیراعظم نے کہا کہ تعمیرات کے شعبے سے متعلقہ صوبائی ٹیکسز کو ممکنہ حد تک کم کرنے پر غور کیا جائے تاکہ تعمیرات کے شعبے کو فروغ ملے جبکہ ملک کے تمام بڑے شہروں کی ماسٹر پلاننگ کے از سر نو جائزہ لینے اور مرتب کرنے کے عمل کو تیز کیا جائے۔
عمران خان نے یہ بھی کہا کہ شہری آبادی، شہروں کے پھیلاؤ اور ان میں سہولتوں کی فراہمی کی منظم و مربوط کیا جائے اور شہروں کے قریب موجود زمینوں جہاں بجلی پانی،گیس و دیگر شہری سہولتوں کی فراہمی آسانی سے ممکن ہے ایسی زمینوں کو ہاؤسنگ منصوبے کے لئے برؤے کار لانے پر خصوصی توجہ دی جائے۔
وزیراعظم عمران خان نے مزید کہا کہ صوبائی حکومتوں کی جانب سے اب تک نشاندہی کی جانے والی زمینوں کی تفصیلات ایک ہفتے میں فراہم کر دی جائیں تا کہ زمینوں کے ممکنہ استعمال کے حوالے سے منصوبہ بندی کی جائے۔
اجلاس میں تعمیرات کے شعبے کے فروغ اور نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کو عملی جامہ پہنانے میں اب تک ہونے والی پیش رفت پر بریفنگ دی گئی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
